- الإعلانات -

محمد آصف پر ساڑھے 3ہزار روپوں کا ایک اور جرمانہ

حیدر آباد: پانچ سالہ پابندی کی سزا مکمل ہوئے زیادہ عرصہ ہوا نہیں کہ محمد آصف پر پہلے ہی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا۔اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5سال تک کرکٹ سے باہر رہنے والے فاسٹ بولر محمد آصف کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں ہوئی لیکن پہلے ہی ایونٹ میں انہیں امپائر کے فیصلے پر اعتراض کرنے کی وجہ سے میچ فیس کا 50فیصد جرمانہ کر دیا گیا۔نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے کے آر ایل کے بیٹسمین کےخلاف آصف نے اپیل کی ،جسے امپائر نے رد کر دیا،لیکن آصف کے جارحانہ رویہ کی شکایت ریفری سے کی،جس نے لیول ٹو کے تحت کارروائی کرتے ہوئے آصف پر ساڑھے 3ہزار روپے جرمانہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق سہیل تنویر پر بھی امپائر کے فیصلے پر اعتراض کی وجہ سے جرمانہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب چیف سلیکٹر ہارون رشید کہتے ہیں کہ سلمان بٹ اور آصف کا پابندی اٹھنے کے بعد پہلا ٹورنامنٹ ہے،ان کی کارکردگی پر نظر ہے،لیکن صرف اس ایک ٹورنامنٹ کی کارکردگی پر انہیں قومی ٹیم میں جگہ نہیں مل سکتی۔ ۔