- الإعلانات -

بڑی خوشخبری، یو ٹیوب پاکستان سپر لیگ کے میچز براہ راست نشر کرے گا

دبئی : کرکٹ مداحوں کیلئے خوشی کی خبر ہے، یو ٹیوب پاکستان سپر لیگ کے میچز براہ راست نشر کرے گا، پی ایس ایل اور گوگل کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرکٹ فینز یوٹیوب پر پی ایس ایل میں شامل اپنی پسندیدہ ٹیموں کے میچز براہ راست دیکھ سکیں گے، اس کے علاوہ مختلف ویڈیو پیکیجز، میچ کی جھلکیاں اور ٹورنامنٹ سے متعلق دیگر مواد بھی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔

چیئرمین پی ایس ایل گورننگ کونسل نجم سیٹھی نے یوٹیوب پر میچز نشر ہونے پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم گوگل کے ساتھ شراکت پر بہت خوش ہیں، یہ پاکستان کرکٹ اور پی ایس ایل فینز کیلئے بہت اچھی خبر ہے، یوٹیوب کی اپنے ناظرین کیلئے آسان رسائی بے مثال ہے، مجھے یقین ہے کہ کرکٹ مداح ایکشن اور دلچسپیوں سے بھرپور پاکستان کا بڑا اسپورٹس ایونٹ یوٹیوب کے ذریعے دیکھنے کے قابل ہوجائیں گے۔

گوگل کی کنٹری منیجر ساؤتھ ایشیا تانیا آئیدرس کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے تاریخ میں پہلی بار یوٹیوب کے ذریعے پاکستان اور دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں کو میچز براہ دکھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دبئی میں کل سے شروع ہونیوالی پاکستان سپر لیگ کے میچز psl-t20.com پر لائیو اسٹریم کئے جاسکتے ہیں، پہلا میچ مصباح الحق کی اسلام آباد یونائیٹڈ اور سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج دبئی میں منعقد ہورہی ہے