- الإعلانات -

اظہر علی کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑ ی اور سابق کپتان اظہر علی نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ ‘میری پہچان ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی سے ہے، اس لیے تمام توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز کرنا چاہتا ہوں۔’

اظہر علی کا کہنا تھا کہ سرفراز بطور کپتان اور ون ڈے ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اچانک نہیں کیا اس حوالے سے کافی عرصے سے غور کررہا تھا، ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا یہ سب سے بہترین وقت ہے۔

اظہر علی نے اپنے کیرئیر کے دوران 53 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ایک ہزار 8 سو 45 رنز بھی بنائے۔

اظہر علی نے ون ڈے کرکٹ میچز میں 3 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بھی بنائیں۔

انہوں نے کرکٹ کیرئیر کے دوران اب تک 53 ون ڈے ،67 ٹیسٹ، 170 فرسٹ کلاس اور 49 ٹی 20 میچز کھیلے۔

اظہر علی نے ون ڈے کرکٹ میں 2011 میں آئرلینڈ کے خلاف آخری ڈیبیو کیا اور آخری ون ڈے میچ 13 جنوری 2018 کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

خیال رہے کہ 2015 کے ورلڈ کپ کے بعد اظہر علی کو پاکستان ون ڈے ٹیم کا کپتان مقر ر کیا گیا تھا لیکن ان کی قیادت میں ون ڈے ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں نویں پوزیشن پر پہنچ گئی تھی۔

تاہم 2017 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 1-4 سے شکست پر شدید تنقید کے بعد اظہر علی نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ان کے بعد سرفراز احمد کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔