- الإعلانات -

احمد شہزاد کو ورلڈ ٹی 20 سکواڈ سے ڈراپ، بہت بڑی غلطی

اسلام آباد : سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد نے احمد شہزاد کو ورلڈ ٹی 20 سکواڈ میں شامل نہ کرنے پر قومی سلیکشن کمیٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ گزشتہ روز اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز نے احمد شہزاد جیسے باصلاحیت کرکٹر کو میگا ایونٹ کیلئے ٹیم میں شامل نہ کرکے بہت بڑی غلطی کی ہے، انہوں نے سلیکٹرز کو نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں ایک تجربہ کار کھلاڑی کو ڈراپ کرکے نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنا کہاں کی سمجھداری ہے، انہوں نے کہا کہ پہلے احمد شہزاد کو ون ڈے ٹیم سے باہر کرکے اس کے ساتھ ناانصافی کی گئی اور اب اسے ٹی 20 سے بھی فارغ کر دیا گیا ہے جو انتہائی دکھ کی بات ہے۔ شعیب محمد نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی نظر انداز کر دیا گیا ہے اگر پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو سلیکشن کیلئے زیر غور نہیں لانا تھا تو اتنا پیسہ خرچ کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز نے کس بنیاد پر شاہد آفریدی کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے، گزشتہ کئی سیریز میں بطور کپتان اور پلیئر وہ مکمل طور پر ناکام رہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ ٹی 20 آئندہ ماہ بھارت میں کھیلا جائے گا۔