- الإعلانات -

پی ایس ایل: سلطانز نے یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیزن میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

ملتان سلطانز نے پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں واپسی کرتے ہوئے دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں گرفت ابتدا میں ہی مضبوط کرلی تھی۔

دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل سیزن 4 کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

اننگز کے آغاز سے ہی ملتان سلطانز کی تجربہ کار باؤلنگ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دباؤ میں لیے رکھا اور کسی بھی کھلاڑی کو آزادی کے ساتھ کھیلنے نہیں دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی 5 چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ دوسرا کوئی کھلاڑی نمایاں کارکردگی پیش نہیں کر سکا۔

دفاعی چیمپیئن اپنے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز ہی بناسکی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے علی شفیق سب سے نمایاں رہے جنہوں نے اپنے 4 اوور کے کوٹے میں صرف 11 رنز دیے اور 2 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔

اس کے علاوہ شاہد آفریدی نے اپنے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 2، جنید خان نے 33 رنز دے کر 2 جبکہ محمد عرفان نے 4 اوورز میں 16 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں ملتان سلطانز کا آغاز مایوس کن تھا اور جانسن چارلس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، تاہم شان مسعود اور لوری ایوانس کے ہمراہ 37 رنز کی شراکت قائم کی تو 40 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے فوری بعد 43 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان نے لوری ایوانس کو جبکہ 75 کے اسکور پر 14 رنز بنانے والے حماد اعظم کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 رنز بنائے اور ناقابلِ شکست دہے۔

میچ کے اختتامی لمحات میں شاہد خان آفریدی نے مسلسل 2 گیندوں پر 2 چھکے لگا کر ملتان سلطانز کو سیزن کی پہلی کامیابی دلوائی۔

ملتان سلطانز کے علی شفیق کو شاندار باؤلنگ کی بنیاد پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم نے ایونٹ کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے لاہور قلندر کو شکست دی تھی اور رن ریٹ کے حساب سے ابھی پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہیں۔

وہیں ایونٹ میں دوسری مرتبہ شرکت کرنے والی ملتان سلطان کی ٹیمز ٹورنامنٹ کا کامیاب آغاز نہیں کرسکی تھی اور اسے اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں 7 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

دونوں ٹیموں کی بات کی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم محمد سمیع کی قیادت میں مخالف ٹیم پر حاوی رہنے کی کوشش کرے گی تو وہیں شعیب ملک کی کپتانی میں ملتان سلطانز کی ٹیم اپنی کامیابی کا سلسلہ شروع کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

آج کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔