- الإعلانات -

کورونا وائرس کی وباء کا فائدہ اٹھا کر انسانی حقوق کو نقصان پہنچانا ناقابل قبول ہے، سیکرٹری جنرل اقوا م متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کا فائدہ اٹھا کر انسانی حقوق کو نقصان پہنچانا ناقابل قبول ہو گا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کورونا وائرس کی وباء اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ممالک میں کورونا وائرس نسلی قومیت ، پاپولزم ، آمریت پسندی اور انسانی حقوق کے خلاف جابرانہ اقدامات کرنے کا بہانہ فراہم کرسکتا ہے جو ناقابل قبول ہے لہذا اس سلسلے میں دنیا کی حکومتیں شفاف اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور صحافت کی آزادی اہم ہے، سول سوسائٹی کی تنظیمیں اور نجی شعبے بلکہ ہم سب اپنا ضروری کردار ادا کریں اور یہ بات یاد رکھیں کہ خطرہ لوگوں سے نہیں بلکہ وائرس سے ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کورونا وائرس اور انسانی حقوق سے متعلق حکومتوں کو مشورہ دیا گیاہے کہ وہ اپنے اقدامات کے نتائج کے متعلق سوچیں اور قلیل مدتی نہیں بلکہ طویل مدتی منصوبہ بندی کو عملی جامہ پہنائیں