- الإعلانات -

سات ماہ بعد روضہ رسول ﷺ کو زیارت کیلئے کھول دیا گیا

مدینہ منورہ میں یکم ربیع الاول سے سات ماہ بعد روضہ رسول ﷺ کو زیارت کے لیے کھول دیا گیا ہے تاہم معتمرین اور عبادت گزاروں کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ سعودی عرب کے وزیر برائے اسلامی امور نے کہا ہے کہ یکم ربیع الاول سے کورونا وائرس ایس او پیز کے ساتھ مسجد نبوی ﷺ میں عبادت اور روضہ رسول ﷺ کی زیادت کرنے کی اجازت ہوگی جس کے لیے روضہ رسول ﷺ کو کھول دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں مسجد نبوی کی گنجائش کے 75 فیصد تک نمازیوں کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح کورونا وائرس ایس او پیز کے ساتھ روزانہ 15 ہزار معتمرین کو حرم میں نماز پڑھنے اور طواف کی بھی اجازت ہوگی جب کہ مجموعی طور پر روازنہ چالیس ہزار افراد مسجد الحرام میں نماز ادا کرسکیں گے۔

کورونا وبا کے بعد سعودی عرب نے آج سے عمرے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے جس کے تحت سعودی شہریوں اور وہاں مقیم غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت ہوگی جب کہ اگلے ماہ تیسرے مرحلے میں غیر ملکیوں کو عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔