- الإعلانات -

سعودی عرب میں سردی پورے زور شور سے آگئی

سعودی عرب میں کئی ماہ کی شدید اور جھلسا دینے والی گرمی کے بعد اب موسم انتہائی سرد اور خوشگوار ہوتا چلا جا رہا ہے۔ خصوصاً گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بارش نے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کے کئی علاقوں میں سردی آچکی ہے۔ اگلے چند روز میں کئی علاقوں میں درجہ حرارت5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔

مملکت میں باقاعدہ موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے۔ کئی علاقوں میں لوگوں نے گرم کپڑے نکال لیے ہیں۔ اگلے چند روز میں درجہ حرارت مزید کم ہو کرپارہ 10 سے 13 ڈگری تک پہنچے گا۔تبوک اور شمالی لوگوں کے مکینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرم ملبوسات نکال لیں تاکہ سردی سے بچاؤ ہو سکے۔اگلے چند روز میں مزید بارشیں ہو سکتی ہیں۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔

کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ جمعرات کو نماز استسقاء پڑھی گئی۔ شاہی دیوان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے تاکید کی گئی ہے کہ ملک بھر میں جمعرات کے روز نماز استستقاء کا اہتمام کرتے ہوئے سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو تازہ کیا جائے اور اللہ سے باران رحمت کے لیے دعائیں کی جائیں۔ توبہ واستغفار ،ذکر اذکار،صدقات وخیرات، نوافل کا اہتمام، رجوع اللہ اور زیادہ سے زیادہ عبادت کی جائے تاکہ اللہ کی رحمت کے نزول کے دروازے کھل سکیں۔نماز استسقاء بارش کے حصول کے لیے ادا کی جاتی ہے ۔