- الإعلانات -

ڈرائیور کی چند لمحوں کی غفلت، چور مرسڈیز گاڑی لے اڑے

کینبرا: آسٹریلیا میں قیمتی مرسڈیز کار کا مالک چابی گاڑی میں چھوڑ کر چند لمحے کے لیے نیچے اترا اور اسی دوران 2 موٹر سائیکل سوار اس کی گاڑی لے کر رفو چکر ہوگئے۔ یہ واقعہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردی گئی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پیٹرول اسٹیشن پر مرسڈیز کا 18 سالہ مالک چابی گاڑی میں چھوڑ کر پیٹرول ڈالنے کے لیے نیچے اترا، اسی لمحے ہیلمٹ پہنا ایک شخص اس کے قریب آیا اور اسے چاقو سے دھمکانے لگا۔ اس کے بعد وہ گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر بیٹھ گیا جبکہ اس نے گاڑی کے مالک کو پیچھے رہنے کا حکم دیا۔

مالک اپنی مہنگی گاڑی کو ہاتھ سے جاتا دیکھ کر ایک بار پھر دروازہ کھولنے کی کوشش کرتا ہے تبھی ایک اور ہیلمٹ پہنا ہوا شخص قریب آتا ہے اور اسے دھکا دیتا ہے۔ اسی اثنا میں گاڑی میں بیٹھا چور گاڑی لے کر تیز رفتاری سے روانہ ہوجاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی مالیت 1 لاکھ 10 ہزار ڈالر ہے، مقامی پولیس نے فوٹیج کے ذریعے لوگوں سے ملزمان کو ڈھونڈنے اور ان کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔