- الإعلانات -

تارکین وطن کے لیے 2022 کے 10 مہنگے ترین شہر

تارکین وطن کے لیے رہائشی اخراجات کے حوالے سے ہانگ کانگ مسلسل تیسرے سال مہنگا ترین شہر قرار پایا ہے۔ ای سی اے انٹرنیشنل کی طرز زندگی کے اخراجات کی فہرست میں شامل 10 مہنگے ترین شہروں میں سے 5 ایشیا سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس درجہ بندی کے لیے متعدد عناصر جیسے عام اشیا کی قیمتوں، ٹرانسپورٹ و گھروں کے کرایوں اور کرنسی کی قدر کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے اور کرنسی کی قدر بڑھنے کے باعث ہانگ کانگ مسلسل تیسرے سال تارکین وطن کے لیے مہنگا ترین شہر رہا۔

اس کے برعکس ترکی کے شہر انقرہ نے تارکین وطن کے لیے سب سے سستے شہر ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ گھروں کے کرایوں میں اضافے کے باعث نیویارک دوسرا مہنگا ترین شہر قرار پایا جو 2021 کی فہرست میں چوتھے نمبر پر تھا۔

سوئٹزر لینڈ کا شہر جنیوا تیسرے، لندن چوتھے، ٹوکیو 5 ویں، تل ابیب چھٹے، سوئس شہر زیورخ 7 ویں، چین کے شہر شنگھائی اور گوانگزو بالترتیب 8 ویں اور 9 ویں جبکہ جنوبی کورین دارالحکومت سیئول10 واں مہنگا ترین شہر رہا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں عالمی سطح پر ایک سال کے دوران اوسطاً 37 فیصد اضافہ ہوا مگر بیروت میں یہ اضافہ 1128 فیصد ریکارڈ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق یوکرین میں جنگ کے باعث ایک سال میں کھانا پکانے کے تیل کی قیمت میں دنیا بھر میں اوسطاً 25 فیصد اضافہ ہوا۔