- الإعلانات -

بھارتی جیل میں قید حریت پسند رہنما یٰسین ملک کی طبیعت بگڑ گئی، تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل

بھارت کی تہاڑ جیل میں قید کے دوران حریت پسند رہنما یٰسین ملک کی طبیعت  بگڑ گئی، انھیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کی تہاڑ جیل میں قید حریت پسند رہنما یٰسین ملک کی طبیعت بگڑ گئی، ان کی اہلیہ مشعال ملک نے بتایا کہ یٰسین ملک کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مشعال ملک کا کہنا ہے کہ وہ 22 جولائی سے تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال پر ہیں، بھارت کی جانب سے یٰسین ملک کی زندگی کا خاتمہ کرنے کی یہ منظم کوشش ہے۔

کشمیر میڈیا سروس نے بھی اس امر کی تصدیق کی ہے کہ یٰسین ملک گذشتہ 6 روز سے تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال پر تھے، اب کشمیری رہنما کو ‘ڈرپوں’ کے ذریعے توانائی فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند رہنما یٰسین ملک کو دو جھوٹے مقدمات میں دو بار عمر قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔