Site icon Daily Pakistan

افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی بھی پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرتے رہے

افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی بھی پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرتے رہے

افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی بھی پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرتے رہے

اسلام آباد: دی نیوز کو وزارت داخلہ کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ افغانستان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کا نام ایسے ہزاروں افغان شہریوں کی فہرست میں شامل ہے جن کے پاس ماضی قریب تک پاکستانی پاسپورٹ تھا۔سراج الدین حقانی کو پانچ سال کیلئے پاکستانی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا جو انہوں نے کئی ممالک بالخصوص قطر جانے کیلئے استعمال کیا۔ قطر میں انہوں نے امریکی حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے تھے جس کے نتیجے میں دوحا معاہدہ سامنے آیا تھا اور امریکا کا افغانستان سے انخلاء ممکن ہوا۔حقانی کو پاسپورٹ جاری کرنے والے دو عہدیداروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں سے ایک اس وقت ملازمت سے ریٹائر ہو چکا تھا جب اس کیخلاف کارروائی شروع ہوئی۔ریکارڈ کی صفائی کے کام کی معلومات رکھنے والے ایک باخبر عہدیدار نے بتایا کہ افغان شہریوں کو جاری کیے گئے 30 سے 40 ہزار پاسپورٹس بلاک کر دیے گئے ہیں۔مختلف شہروں میں قائم پاسپورٹ آفسز نے افغان شہریوں کو پاسپورٹ جاری کیے جن میں سندھ کے شہر کراچی اور ٹھٹہ شامل ہیں۔بلوچستان اور کے پی کے شہروں کا نام بتائے بغیر مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ مختلف شہروں میں قائم پاسپورٹ آفسز بھی اس بدعنوانی میں ملوث پائے گئے ہیں۔جہاں تک حقانی کے معاملے کا تعلق ہے حکام کو پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی کی اطلاع پر پتہ چلا، وہ صحافی اسی پرواز پر موجود تھا جس سے حقانی دوحا گئے تھے۔ وہاں موجود امیگریشن کاؤنٹر پر انہوں نے سفری دستاویز کے طور پر پاکستان کا پاسپورٹ دکھایا۔ یہ دیکھ کر مذکورہ صحافی حیران ہوا کہ آخر انہیں کیسے پاسپورٹ جاری ہوا لیکن یہ بات رواں سال اگست کی ہے جب اس صحافی نے پاکستان میں پاسپورٹ حکام کی توجہ ایک مباحثے کے دوران اس معاملے کی طرف مبذول کرائی، جب جانچ پڑتال کی گئی تو صحافی کی فراہم کردہ معلومات درست ثابت ہوئیں۔ اس کے بعد معاملے کی انکوائری کرائی گئی جس سے پتہ چلا کہ پاسپورٹ پی ٹی آئی حکومت کے دوران پشاور سے جاری کیا گیا تھا۔پاسپورٹ جاری کرنے والے افسر کا کہنا تھا کہ اس سے ایک شخص نے رابطہ کیا جس نے خود کو انٹیلی جنس ایجنسی سے تعلق رکھنے والا سینئر فوجی عہدیدار بتایا اور کہا کہ حقانی کیلئے سفری دستاویز جاری کی جائیں۔

Exit mobile version