اسلام آباد کی مقامی عدالت نے جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے کے کیس میں اینٹی کرپشن سرکل خیبرپختونخوا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمر صدیق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے خیبرپختونخوا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمر صدیق کے ریمانڈ معطلی کی درخواست پرسماعت کی۔دوران سماعت ملزم عمر صدیق کے وکیل ملک اختر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ایف آئی اے اہلکار پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ریکارڈ کیوں پیش نہیں کیا جا رہا، جس پر ایف آئی اے اہلکار نے بتایا کہ آج جسمانی ریمانڈ ختم ہو رہا ہے ریمانڈ کے لیے پیش کریں گے اور ساتھ ہی ریکارڈ پیش کردیں گے۔بعد ازاں دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔