رہنما تحریک انصاف و رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔فیصل آباد میں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل کا کہنا تھا کہ کورٹ ٹرائل میں آج پہلی پیشی ہوئی اور تاریخ ملی ہے، انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کوئی دہشت گرد پیش نہیں ہوتا البتہ پی ٹی آئی قیادت و کارکن پیش ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ورکرز کو دہشت گرد بنا کر پیش کیا جاتا ہے تاکہ وہ بانی پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ دیں، چار روز قبل بانی پی ٹی آئی نے خود میرا نام ملاقات کیلئے دیا، چار گھنٹے طویل انتطار کے بعد ملاقات نہیں کروائی گئی، جیل میں ان سیغیر انسانی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔زرتاج گل کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نے خود اعتراف کیا تھا یہ بجٹ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، اب انہوں نے گھر کا سامان بیچنا شروع کر دیا ہے، 26 ویں غیر آئینی ترمیم کر کے آئین پر شب خون مارا گیا۔قبل ازیں زرتاج گل پی ٹی آئی رہنما زین قریشی کے ہمراہ 9 مئی مقدمات کے سلسلے میں انسداد دہشتگردی عدالت پیش ہوئیں، عدالت نے کیس کی سماعت 7 نومبر تک ملتوی کردی۔