کراچی: ساتویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ 2023 کی افتتاحی تقریب پاکستان نیوی شوٹنگ رینج، کراچی میں منعقد ہوئی۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل محمد سلیم اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔مقابلے میں پاک بحریہ، پاکستان ایئر فورس، ایف آر اے، ایس آر اے، پی آر اے، بی آر اے، ایچ ای سی، واپڈا، پاکستان پولیس، ایس ایس یو، آر ایس ایس کلب، کے جی ایس ایس آر کلب اور پی این ایس آر ممبرز کلب کے تقریباً 400 شوٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ چیمپئن شپ کے دوران پسٹل، رائفل اور شاٹ گن کیٹیگریز میں 24 مقابلے منعقد ہوں گے۔ ایونٹ کے میچز نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام انٹرنیشنل اسپورٹس شوٹنگ فیڈریشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق کھیلے جائیں گے۔بگ بور پسٹل، 50M اور 0.22 اوپن سائٹ کیٹیگریز کے 04 مقابلوں کو بھی ایونٹ کے شیڈول میں بطور فیسٹیول میچز شامل کیا گیا ہے۔ مزید برآں مردوں کے 10 میچز کے علاوہ خواتین کے 05 اور پسٹل اور رائفل کیٹیگریز میں نوجوانوں کے 04 مقابلے بھی چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔