وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی بجائے سیاسی جلسوں پر کروڑوں روپے خرچ کرنا پاکستان تحریک انصاف کا شرمناک عمل ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ عالمی دنیا بارش، سیلاب کے متاثرین سے ہمدردی کر رہی ہے جبکہ عمران خان ہر روز محفل موسیقی کا انعقاد کرتے ہیں۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ عمران خان سیلاب متاثرین کے زخموں پر نمک لگانا بند کریں، سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی بجائے جلسوں پر کروڑوں روپے خرچ کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا ایک تہائی حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور عمران خان کو کوئی فکر نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی قیادت کی ترجیح صرف متاثرین کی دوبارہ بحالی پر ہے ۔