وزارت داخلہ میں تعینات نادرا اہلکار کے جعلی اسلحہ لائسنس اسکینڈل میں ملوث ہونے کے معاملے پر نادرا کے حکام نے کہا ہے کہ نادرا ملازم ڈیپوٹیشن پر وزارت داخلہ میں تعینات تھا۔ایک بیان میں نادرا کے حکام نے کہا ہے کہ اسلحہ لائسنس جاری کرنے سے نادرا کا براہ راست تعلق نہیں ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی مجاز اتھارٹی وزارت داخلہ ہی ہے، نادرا وزارت داخلہ کے ماتحت ذیلی ادارہ ہے۔نادرا حکام نے کہا کہ جعلی لائسنس جاری کرنے والے ملزم کے خلاف جو کارروائی وزارت کرے گی ان ہی احکامات کو نادرا بھی فالو کرے گا۔چند دن پہلے وزارت داخلہ میں تعینات نادرا ملازم کی جانب سے 175جعلی اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے اور وہ اس وقت ایف آئی اے کی حراست میں ہے۔