Site icon Daily Pakistan

"پاکستان مصنوعی ذہانت کے میدان میں تاریخی تبدیلی کا مرکز بنے گا” بیرسٹر دانیال چوہدری کا اے آئی ایکس فیوچر سمٹ میں اعلان

اسلام آباد (18 دسمبر 2025) — وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے آج اے آئی ایکس فیوچر سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان مصنوعی ذہانت کے استعمال کو قومی ترقی کا بنیادی ستون بنانے کے لیے جامع حکمت عملی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ بحریہ یونیورسٹی میں منعقدہ اس سمٹ میں ملک بھر سے ٹیکنالوجی ماہرین، تعلیمی اداروں کے سربراہان، میڈیا نمائندوں اور ہزاروں طلباء نے شرکت کی۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں زور دے کر کہا "مصنوعی ذہانت اب سائنس فکشن نہیں، بلکہ ہماری قومی ساکھ اور معاشی مستقبل کا تعین کرنے والی حقیقت بن چکی ہے۔ پاکستان اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کے بل بوتے پر اس عالمی انقلاب میں سب سے آگے نکل سکتا ہے۔”

انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے ویژن "اڑان پاکستان 2029-2024” کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اور ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی ہی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ "ہم مصنوعی ذہانت کے ذریعے نہ صرف سرکاری اداروں میں شفافیت لائیں گے، بلکہ میڈیا، تعلیم، صحت اور معیشت کے ہر شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لے کر آئیں گے۔”

پارلیمانی سیکرٹری نے خاص طور پر اطلاعات کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا "آج جب ہر طرف فیک نیوز کا طوفان ہے، تو مصنوعی ذہانت ہی ہمارا طاقتور ہتھیار بن سکتی ہے۔ ہم اس کے ذریعے نہ صرف جھوٹی خبروں کا پردہ چاک کریں گے، بلکہ عوام تک درست معلومات کی بروقت ترسیل بھی یقینی بنائیں گے۔”

انہوں نے نوجوان نسل سے اپیل کرتے ہوئے کہا "آپ کی تخلیقی صلاحیتیں پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ مصنوعی ذہانت کی تعلیم اور تحقیق میں آگے بڑھیں۔ حکومت آپ کے ہر قابل منصوبے کو سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہے۔”

Exit mobile version