Site icon Daily Pakistan

پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے عالمی بینک نے بڑی امداد کا اعلان

عالمی بینک نے 30 کروڑ ڈالر کے جاری کردہ فنڈز کو سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے مختص کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کے مطابق عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن رائزر نے واشنگٹن میں پاکستان سفارت خانے کے دورے کے دوران پاکستانی سفیر مسعود خان کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔
سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سفیر نے انہیں پاکستان میں سیلاب اور اس سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
تاہم بیان میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ کون سے فنڈز میں سے رقم نکال کر اس کے لیے مختص کی گئی ہے۔
یاد رہے، 9 جون کو عالمی بینک نے خیبرپختونخوا کے دیہی علاقوں اور سڑکوں کی بحالی کے لیے 30 کروڑ ڈالر کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ عالمی بینک کی جانب سے دسمبر 2020 کو سندھ ریزیلنس پراجیکٹ اور سالڈ ویسٹ ایمرجنسی اینڈ ایفیشینسی پراجیکٹ کے لیے مزید 30 کروڑ ڈالر فنڈز کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔
پاکستان سنہ 1950 سے عالمی بینک کا رکن ہے، اور پاکستان کو گزشتہ 72 برسوں سے تقریباً 4 ارب ڈالر کی امداد دی جاچکی ہے ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر مسعود خان نے عالمی بینک کے عہدیداروں کو بتایا کہ پاکستان جیسے ملک کا عالمی درجہ حرارت بڑھانے والی آلودہ گیسوں کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ہے لیکن موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار ملکوں میں پاکستان سرفہرست ہے۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ ’جاری تباہی نے ایک بار پھر موسمیاتی تبدیلیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔‘
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 350 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں۔

Exit mobile version