ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ایف سی چیک پوسٹ پر حملے میں 10 جوان شہید ہوگئے۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درزندہ میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ چلا گیاترجمان نے کہا کہ شہید فوجیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا، شہید ہونے والے ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمان، سپاہی اخونزادہ، سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبدالصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر اور سپاہی مہتاب شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق زخمی ایف سی اہلکاروں نائیک حمزہ، سپاہی حسن اور سپاہی صابر ایوب کو علاج کے لیے سی ایم ایچ ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایف سی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ایف سی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے، شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔