اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی سائٹ پر وزیراعظم نے لکھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طویل اور اہم مذاکرات کے بعد امن معاہدہ طے پا گیا۔ امن معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوگی۔اُن کا کہنا تھا کہ معاہدے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر کارروائیاں روکنا شامل ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں امریکا اور ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین نے تنازع کا حل سفارت کاری سے نکالنے کی راہ ہموار کی۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم ثالثی کی کوششوں میں اپنے برادر ملک قطر کے کردار کو بھی سراہتے ہیں، جس نے اس معاہدے تک پہنچنے میں اہم معاونت فراہم کی۔ معاہدہ طے ہونے کے بعد ثالث کو اس ہفتے متعدد ملاقاتوں کی سہولت فراہم کریں گے، یہ ابتدائی مشاورتی ملاقاتیں تکنیکی مذاکرات اور دستخط کی سرکاری تقریب کی بنیاد فراہم کریں گی۔صدر پاکستان آصف علی زرداری نے امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے اس سے ایک حتمی معاہدے اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ اس نے اس مشکل دور میں مسلسل مذاکرات اور سفارتکاری کی حمایت کی ہے۔ یہ پیش رفت کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے اور باہمی احترام اور روابط کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ دعا ہے کہ یہ کوششیں خطے اور دنیا میں مزید امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ مکمل ہو گیا ہے جسے انہوں نے خطے میں امن اور استحکام کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسلامک ری پبلک آف ایران کے ساتھ ڈیل مکمل ہو گئی ہے سب کو مبارک ہو۔انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی اور بین الاقوامی جہازوں کے لیے جمعے کو معاہدے پر دستخط کے بعد کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی بھی فوری طور پر ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں