قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171 رحیم یار خان کے ضمنی الیکشن کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار مخدوم طاہر رشید الدین نے میدان مار لیا ہے۔ضمنی انتخاب میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے مخدوم طاہر رشید ایک لاکھ 16 ہزار 429 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔پاکستان تحریک انصاف کے حسان مصطفی نے 58 ہزار 251 ووٹ حاصل کیے۔ضمنی الیکشن میں پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، این اے 171 سے پیپلز پارٹی کے مخدوم طاہر اور پی ٹی آئی کے حسان مصطفی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع تھی۔ اسی حلقے میں 4 دیگر آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں تھے جبکہ حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 26 ہزار 973 ہے۔واضح رہے کہ حلقے میں 301 پولنگ اسٹیشن موجود تھے جن کی سیکیورٹی کیلئے 2700 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔یہ نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے ممتاز مصطفی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔