پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے استفسار کیا کہ بتایا جائے بجٹ میں کسانوں کیلیے کیا رکھا گیا ہے؟
صاحبزادہ حامد رضا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ایک ایک کرکے زراعت کے ہر شعبے کو تباہ کیا جارہا ہے، ہماری تمام زرعی برآمدات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں کسانوں کے لیے کچھ نہیں ہے جو پہلے ہی تباہ حال ہیں، کپاس کی پیداوار 31 فیصد اور گندم کی پیداوار 13 فیصد کم ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ یہ حکومت کسان دشمن ہے، ان کی پالیسیاں کسانوں کے خلاف ہیں، بتایا جائے کہ بجٹ میں کسانوں کے لیے کیا رکھا گیا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں لیبر فورس میں کسانوں کا حصہ 37 فیصد ہے، 8 فروری کے انتخابات میں کسانوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا۔
شیخ وقاص اکرم نے یہ بھی کہا کہ بجٹ میں کسانوں کو کچھ نہیں دیا گیا، پنجاب سے کسان رہنماوں کو یہاں بلایا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو غذائی اجناس کی کمی ہے اسے پورا کرنے کے لیے زرمبادلہ کہاں سے آئے گا؟ کسانوں کو 2200 ارب روپے نقصان ہوا ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ کپاس کی پیداوار 30 ملین سے 10 ملین گانٹھوں تک آگئی ہے، کسان کے بچے بھوکے مررہے ہیں، کسان کا نقصان کون پورا کرے گا؟
بتائیں بجٹ میں کسان کیلئے کیا رکھا گیا ہے؟ شیخ وقاص اکرم

بتائیں بجٹ میں کسان کیلئے کیا رکھا گیا ہے؟ شیخ وقاص اکرم