وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کی سیاست سڑک چھاپ سیاست سے بھی بدتر ہوچکی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی پیدائش احتجاج، دھرنے اور جلسوں کی شرط پر ہوئی تھی، ایمپائر کی انگلی، سازشی کردار اور سہولت کاری بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا قبلہ رہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ چور چور کی گردان کرنے والے کا اپنا پورا ٹبر چوری میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ قوم کے بچوں کو اقتدار کی ہوس میں جھونک دیا، اپنے بچے لندن میں انجوائے کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی سیاسی زندگی ڈھیل اور ڈیل کے گرد گھومتے گزری ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ ملک میں خوشحالی لوٹ رہی ہے، سرمایہ کاری آرہی ہے۔