پنجاب حکومت کا مسیحی برادری سے بھرپور اظہار یکجہتی کیلئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تمام صوبائی وز را ءکے ہمراہ جڑانوالہ کے علاقے عیسی نگر پہنچے اور مسیحی برادری کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بارنگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے چرچ کے اندر ہی صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی کابینہ نے متفقہ طورپر جڑانوالہ واقعہ میں نذرآتش کیے جانےوالے گھروں کے مالکان کیلئے 20لاکھ روپے فی گھر مالی امداد کی منظوری دی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ واقعہ میں نذرآتش ہونےوالے ہرگھر کے مالک کو 20لاکھ روپے کی امدادی رقم کے چیک48گھنٹے تک متاثرین کو دےدیئے جائیں گے۔ جڑانوالہ کے دو گرجا گھروں کی تعمیر وبحالی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ دیگر گرجاگھروں کی مسیحی برادری کی مرضی کے مطابق جلد تعمیر وبحالی کی جائے گی۔ یہاں آنے کا مقصد آپ کے دکھ میں برابرمیں شریک ہونا ہے۔ متاثرہ لوگوں کو انصاف دلانے کا وعدہ پورا کریں گے۔ پاکستان ہرپاکستانی کا ہے۔ مسلم، مسیحی، سکھ، ہندو سب ایک ہیں۔ہر مظلوم کےساتھ ہیں۔ظالم کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے۔وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق ایسو سی ایشن ایونجلیکل چرچز(اے ای سی) گرجا گھرسمیت ایک اورچرچ کی تعمیر و مرمت مکمل کرلی گئی ہے اورتزئین و آرائش کے بعد دونوں چرچوں کوعبادت کیلئے کھول دیا گیاہے۔ ہمارا وعدہ ہے انصاف ضرور ملے گا۔پوری ٹیم انصاف دلوانے کیلئے کام کررہی ہے۔دوچرچ سوفیصد بحال کردیئے گئے ہیں۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے کل کام شروع کیا تھا اورآج یہ کام مکمل ہوگیا ہے۔بے شک مجھے دس دفعہ آنا پڑے جتنے چرچ ہیں سارے کے سارے چرچ بحال کیے جائیں گے۔ہمارا آپ کےساتھ انصاف کا وعدہ ہے۔ دین اسلام بھی ہمیں رواداری سکھاتا ہے۔ اسی ضمن میں تمام اخبارات میں نبی کریمؒ کی طرف سے مسیحی برادری کولکھاگیا خط شائع کیاگیا ہے۔نبی کریم کامسیحی برادری کو لکھا گیا خط ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ اس خط کی روشنی میں ہم نے مسیحی برادری کا تا قیامت خیال رکھنا ہے۔ جو نبی کریمؒ کا حکم ہے وہی ہمارے لئے سب سے بڑا حکم ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی جلد رجسٹریشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چرچوں کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ چرچوں کو جلد اصل حالت میں بحال کریں گے۔پنجاب حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور ساتھ کھڑی رہے گی۔ سانحہ جڑانوالہ کے ذمہ داروں کو قانون کے تحت سخت سزا ملے گی۔ اس واقعہ سے قائد اعظمؒ کے پر امن پاکستان کا امیج خراب ہوا۔ دین اسلام نے اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک کا درس دیا ہے۔ ہم سب نے مل کر مسیحی برادری کے دکھوں کا مداوا کرنا ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا اورتعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کی تمام پائلیں اور پائل کیپس مکمل۔ 31 میں سے 29 پیئرز پر کام مکمل کرلیاگیا ہے، ٹرانسمز اور گرڈرز پر بھی کام ہو رہا ہے۔فلائی اوورز کے 66 میں سے 32 گرڈرز مکمل کرلئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اگلے ماہ کے وسط میں منصوبے کو ہر صورت مکمل کیا جائے اور یوٹرن کی ڈیزائننگ بہتر بنانے کی ہدایت کی اورکالج روڈ تا اکبر چوک ماڈل سڑک بنانے کا حکم دیا۔ فلائی اوورز کے اطراف سڑکوں کی تعمیر کا کام جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ انڈس ہسپتال کاہنہ کے دورے میں ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیااورغلط بیانی پر عملے کی سرزنش کی۔ کئی وارڈز میں اے سی بند، صفائی کے ناقص انتظامات، بیڈ شیٹس پر خون کے دھبے، واش رومز کی ابتر حالت، پانی کی لیکج،ڈاکٹرز غائب،عملے کے ناروا سلوک سے مریض نالاں،عملہ وارڈز میں داخل مریضوں کے ریکارڈ کے بارے میں غلط بیانی کرتا رہا۔ مریضوں اور تیمارداروں نے ہسپتال عملے کے نا مناسب رویے اور چیک اپ میں بلاجواز تاخیر کے بارے شکایات کے انبار لگا دئیے ۔ عوام کی صحت ، خوراک اور جان و مال کا تحفظ بنیادی طورپر حکومت کی ذمہ داری ہے۔ موجودہ پنجاب حکومت صحت کے معاملے میں اپنے فرائض سے پوری طور پر آگاہ ہے اور اس شعبے میں اپنی پوری توانائیاں صرف کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت کی شب و روز محنت رنگ لا رہی ہے اور عوام کی صحت پر اس کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ محسن نقوی نے پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر کوچ میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
جڑانوالہ واقعہ میںمتاثرہ افراد کیلئے مالی امداد
