صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین نے غلاف کعبہ کے زیریں حصے کو تقریباً تین میٹر اونچا کردیا ہے جبکہ بالائی حصے کو چار اطراف سے تقریبا ً دومیٹر چوڑے سفید سوتی کپڑے سے ڈھانپ کردیاگیا ۔غلاف کعبہ کے حوالے سے یہ تبدیلی ہر سال حج سے قبل کی جاتی ہے اور یہ معمول کی بات ہے ۔ غلاف کعبہ شریف کو اوپر اُٹھانے کا عمل شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ کے ماہرین کے ایک گروپ کے ذریعے انجام دیاجاتاہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ غلاف کعبہ کو اونچا کرنے کی روایت صدیوں پرانی ہے ، اس کے بالائی حصے میں سفید کپڑاچڑھانا حج اور مناسک حج کے ایام کی علامت ہے ۔ماضی میں غلاف کعبہ کے بالائی حصے پر سفید کپڑا اس بات کا اعلان ہوتا تھا کہ حج کا موسم شروع ہوچکا ہے اس کے علاوہ اس کپڑے سے غلاف کعبہ کو محفوظ رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے ۔