سائنس اور ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں خلائی تحقیق کسی بھی ملک کی ترقی، سلامتی اور خودمختاری کا ایک اہم ستون بن چکی ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک خلا میں اپنی موجودگی مضبوط بنانے کیلئے مسلسل روز نئی ٹیکنالوجی متعارف کرا رہے ہیں ایسے ماحول میں پاکستان کی جانب سے نئے ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ ایک خوش آئند پیشرفت ہے حال ہی میں پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو نے اپنا دوسرا مقامی ساختہ ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ PRSC-EO2 کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجا ہے یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے خلائی پروگرام کیلئے اہم ہے بلکہ سائنسی خود انحصاری کی جانب ایک قابلِ ذکر قدم بھی ہے۔ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹس دراصل ایسے مصنوعی سیارے ہوتے ہیں جو زمین کے گرد گردش کرتے ہوئے جدید سینسرز اور کیمروں کے ذریعے زمین کی سطح کے بارے میں معلومات جمع کرتے ہیں ان سیٹلائٹس سے حاصل ہونیوالا ڈیٹا مختلف شعبوں میں استعمال ہوتا ہے جن میں زراعت ، ماحولیات، شہری منصوبہ بندی اور قدرتی وسائل کا انتظام شامل ہیں۔پاکستان جیسے زرعی ملک کیلئے اس نوعیت کے سیٹلائٹس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے سیٹلائٹ کے ذریعے فصلوں کی صحت، پانی کی دستیابی اور زمین کے استعمال کے بارے میں درست معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں اس طرح حکومت اور زرعی ماہرین بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں موسمیاتی تبدیلی کے دور میں یہ معلومات کسانوں کیلئے بھی بے حد مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔ اسی طرح قدرتی آفات کی صورت میں سیٹلائٹ ٹیکنالوجی انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے پاکستان میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے باعث ہر سال بڑے پیمانے پر نقصانات ہوتے ہیں سیٹلائٹ کے ذریعے متاثرہ علاقوں کی فوری تصاویر اور معلومات حاصل کر کے امدادی کارروائیوں کو زیادہ مثر اور منظم بنایا جا سکتا ہے اس طرح نہ صرف نقصان کا درست اندازہ لگایا جا سکتا ہے بلکہ بروقت اقدامات بھی ممکن ہو جاتے ہیں۔ ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹس شہری منصوبہ بندی کے میدان میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری توسیع کے باعث حکومت کو درست جغرافیائی معلومات کی ضرورت ہوتی ہے سیٹلائٹ ڈیٹا کی مدد سے سڑکوں، رہائشی منصوبوں اور دیگر انفراسٹرکچر منصوبوں کی بہتر منصوبہ بندی ممکن ہوتی ہے۔ دنیا کے اکثر ممالک میں اس قسم کے سیٹلائٹس کی دوہری اہمیت حاصل ہوتی ہے ایک طرف یہ سویلین مقاصد کیلئے استعمال ہوتے ہیں جبکہ دوسری طرف ان سے حاصل ہونے والی معلومات قومی سلامتی کے معاملات میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہیں سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے سرحدی علاقوں کی نگرانی اور جغرافیائی تجزیہ ممکن ہو جاتا ہے تاہم یہ واضح رہنا چاہیے کہ ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹس خود کسی قسم کے ہتھیار نہیں ہوتے بلکہ صرف معلومات اور ڈیٹا فراہم کرتے ہیں۔پاکستان کے خلائی پروگرام کی تاریخ قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ Badr-1 1990 میں خلا میں بھیجا گیا تھا جس نے ملک میں خلائی تحقیق کی بنیاد رکھی بعد ازاں پاکستان نے مختلف کمیونیکیشن اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس بھی لانچ کیے جن میں PAKSAT-1R اور PRSS-1 شامل ہیں۔نئے سیٹلائٹ EO-2کی کامیاب لانچنگ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان بتدریج خلائی ٹیکنالوجی میں اپنی صلاحیتوں کو بڑھا رہا ہے اگر اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری، تحقیق اور نوجوان سائنس دانوں کی تربیت پر توجہ دی جائے تو پاکستان مستقبل میں خلائی میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے ۔مختصراً کہا جا سکتا ہے کہ PRSC-EO2 کی کامیابی پاکستان کیلئے امید کی ایک نئی کرن ہے یہ نہ صرف سائنسی ترقی کی علامت ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ اگر تحقیق اور علم کو ترجیح دی جائے تو پاکستان بھی عالمی خلائی دوڑ میں اپنا مقام بنا سکتا ہے۔
خلائی تحقیق اور پاکستان کا ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ

