برمنگھم: برطانیہ میں فارمیسی کے مالک نے آئے دن چوری سے تنگ آکر نقب زنوں کو شرم دلانے کے لیے ’دیوارِ شرم‘ (وال آف شیم) بنادی ہے جس پر سی سی ٹی وی فوٹیج سے اسکرین شاٹ لے کر انہیں دکان کے بیرونی حصے پر چسپاں کیا گیا ہے۔برمنگھم میں پاک فارمیسی کے مالک واشف فاروق نے بتایا کہ وہ آئے دن دکان پرچوری اور اٹھائی گیری سے پریشان تھے۔ اس کے تدارک کے لیے انہیں ایک انوکھا خیال سوجھا کہ کیوں نہ چوروں کو شرم دلانے کے لیے ان کی تصاویر کو ایک جگہ جمع کردیا جائے۔ اس کےبعد انہوں نے اپنی دکان کے عقبی راستے پر ’دیوارِ شرم‘ قائم کی ہے۔اب لوگ اس میں دلچسپی لے رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس کا تذکرہ ہورہا ہے۔ پاک فارمیسی کے مالک نے بتایا کہ انہیں چوروں کے نام تو نہیں معلوم لیکن ان کے حلیے کی بنا پرکچھ نام دیئے گئے ہیں۔ ان ناموں میں ’نیویا کریم والا آدمی‘ چور ماں بیٹا‘ اور ’مسافر چور‘ وغیرہ شامل ہیں۔واشف فاروق نے بتایا کہ دکانوں سے چوری یہاں بہت عام ہے اور پولیس کو سی سی ٹی فوٹیج دینے کے باوجود کوئی حل نہیں نکل رہا تھا تو انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اس بار انہوں نے 15 سے 16 افراد کی تصاویر ایک جگہ پر لگائی ہیں تاکہ آنے والے چور اس سے سبق سیکھیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے کچھ فرق ضرور پڑا ہے لیکن وہ چوروں کو شرمسار کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
دکاندارنے چوروں سے تنگ آکران کی تصاویر سے ’دیوارِ شرم‘ بنادی

دکاندارنے چوروں سے تنگ آکران کی تصاویر سے ’دیوارِ شرم‘ بنادی