چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ رمضان میں فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں، کشمیر اور فلسطین کے لوگوں پر مظالم ہوتے دیکھنے کے باوجود بھی کوئی ان کاساتھ نہیں دے رہا۔حافظ طاہر اشرفی نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کے اسرائیل کو تسلیم کرنےاور اس سے تجارت کی باتیں ہو رہی ہیں، ایک یہودی جو ابھی سامنے آیا ہے وہ پچھلے 70 سال تو نظر نہیں آیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف واضح الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کے اسرائیل سے کوئی تعلقات نہیں۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ کل اسلام آباد میں پیغامِ اسلام کانفرنس ہو رہی ہے، پاکستان اس وقت معاشی اور اقتصادی بحران کا شکار ہے، اس وقت کوئی ادارہ محفوظ نہیں رہا۔حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ پہلے عدلیہ کی طرف یا سیاسی اکابرین کی طرف دیکھا جاتا تھا، اب انصاف کے سب سے بڑے ادارے میں جو ہو رہا ہے وہ افسوس ناک ہے۔اُنہوں نے چیف جسٹس سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ساتھیوں کی مشاورت سے سنجیدہ اقدامات کریں اور معاملات ٹھیک کریں۔حافظ طاہراشرفی نے یہ بھی کہا کہ آمریت کو مستحکم کس نے بنایا؟ یہ تلخ حقیقت ہے۔