لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر کے گیراج میں کریکر دھماکا ہوا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا سابق چیف جسٹس کی رہائش گاہ احمد بلاک گارڈن ٹاؤن میں ہوا اور دھماکے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق دھماکا گیراج میں ہوا اور اس وقت ثاقب نثار گھر پر موجود تھے۔علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب نے دھماکے میں زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔
واقعہ کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ شاہراہ پر آمد و رفت بھی محدود کردی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سابق چیف جسٹس کے اہل خانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں جبکہ آئی جی پنجاب کا واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
میں ڈرنے والا نہیں ہوں، ثاقب نثار
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے مذکورہ واقعہ کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں ڈرنے والا نہیں ہوں اور میرے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے میں خیریت سے ہوں، گاڑی تباہ ہوگئی ہے، اور گھر کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں جبکہ دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہیں۔
واقعہ کی ابتدائی رپورٹ
واقعہ کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی جس کے مطابق سابق چیف جسٹس کے گھر ہینڈ گرنیڈ پھینکا گیا اور ہینڈ گرنیڈ سے دو اہلکار زخمی ہوئےہیں جبکہ ثاقب نثار کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے کے امکانات رد نہیں کیے جا سکتے، ترجمان پنجاب پولیس
دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، آر اوز اور دیگر افسران کے ہمراہ جائے وقوع کا جائزہ لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ملک دشمن عناصر کی ملک میں خوف و ہراس پھیلانے کی مذموم کوشش ہے۔