سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے مطالبے پر سی ڈی اے بورڈ نے گریڈ01سے گریڈ 17(نان گزیٹیڈ) ملازمین کے لیے بیس فی صد مہنگائی الاؤنس کی منظوری دے دی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا،نوٹیفکیشن کے مطابق یہ الاؤنس ملازمین کو مورخہ یکم جنوری 2023سے دیا جائے گا،نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی تمام ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وہ سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی آفس میں جمع ہو گئے اور اپنے قائد چوہدری محمد یٰسین کا شکریہ اداکیا،اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن(ر) محمد عثمان یونس،ممبر ایڈمنسٹریشن عامرعباس،ممبرفنانس مظہرعباس شاہ،ممبرانجینئرنگ سید منورشاہ اور سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں ایسے اقدامات سے سی ڈی اے ملازمین کی مشکلات میں یقیناکمی آئے گی،انھوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے اورانکی ٹیم کی شہر کی بہتری اور ادارے کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں جس پر ہم انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ سی ڈی اے ملازمین کے باقی ماندہ مطالبات پلاٹوں کی الاٹمنٹ،ملازمین کی مستقلی،بچوں کی بھرتی ودیگرمسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کے لیے سی بی اے کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے،اس موقع پر انھوں نے سی ڈی اے ملازمین کو تلقین کی کہ وہ ادارے کی بہتری اور خوشحالی کے لیے اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور جانفشانی سے سرانجام دیں تاکہ ادارے کی نیک نامی میں اضافہ ہو سکے۔