کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سندھ پولیس کے 6 ہزار اہلکار لانگ مارچ روکنے کے لئے اسلام آباد بھیجنے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت دیتے ہوئے مسترد کردی۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سندھ پولیس کے 6 ہزار اہلکار لانگ مارچ روکنے کیلئے اسلام آباد بھیجنے کیخلاف اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ بتائیں آئین کی کون سی شق کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ آئین کے آرٹیکل 15 اور 16 کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ آئی جی سندھ کا جاری کردہ نوٹیفیکیشن غیر قانونی ہے۔ آئین ہر شہری کو احتجاج کا حق دیتا ہے۔ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے نفری بھیجی گئی ہے۔دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ وفاقی اور سندھ حکومت، آئی جی سندھ کو 6 ہزار اہلکاروں کو واپس بلانے کے احکامات دیئے جائیں۔ سندھ حکومت اور آئی جی سندھ کو کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا حکم دیا جائے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی اشد ضرورت ہے۔ گزشتہ کچھ ماہ سے کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اصافہ ہوا ہے، پولیس کو اسلام آباد بھیجنے کے بجائے کراچی میں تعینات کیا جائے۔عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔