Site icon Daily Pakistan

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے زمان پارک آپریشن ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے زمان پارک آپریشن ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے اسلام آباد میں درج مقدمات میں 7 دن جبکہ لاہور میں درج مقدمات میں 10 روز کی ضمانت منظور کی۔عمران خان نے 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس پر دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔بینچ نے عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا اور پولیس کو زمان پارک سے لاہور ہائیکورٹ تک سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی جس پر عمران خان جلوس کی صورت میں ایک گھنٹہ تاخیر سے عدالت پہنچے۔عدالت نے عمران خان کو عدالت میں پہنچنے کیلیے ساڑھے پانچ بجے کا وقت دیا تاہم راستے بند ہونے اور کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت کی وجہ سے وہ سوا چھ بجے تک کمرہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔عمران خان کی حفاظت کیلیے پولیس نفری اتنی نظر نہیں آئی تاہم پی ٹی آئی کی ڈنڈا بردار فورس نے چیئرمین اور قیادت کو اپنے حصار میں لیا ہوا تھا۔لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان کو ملک بھر میں کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے عمران خان کی درخواست پر دو صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔تحریری حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ عدالت نے نیب، ایف آئی اے کو بھی عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا جبکہ چاروں صوبوں کے آئی جی اور سیکرٹری داخلہ سے عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلی۔عمران خان کے وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ایس ایل میچز، راستوں کی بندش اور کارکنان کے رش کی وجہ سے کمرہ عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔بعد ازاں عمران خان ساڑھے چھ بجے کے قریب کمرہ عدالت میں پہنچے جس کے بعد مقدمات کی سماعت ہوئی۔

Exit mobile version