مشہور اردو اسکالر، شاعر جگن ناتھ آزادؔ کے والد اور مشہور شاعر” تلوک چند محرومؔ “ کی برسی آج منائی گئی تلوک چند محرومؔ، یکم؍جولائی ۱۸۸۷ء کو عسیٰ خیل ضلع میاں والی (پنجاب ، پاکستان ) میں پیدا ہوئے ۔ بی ، اے تک تعلیم حاصل کی اور پھر مخلتف مقامات پر درس وتدریس کے فرائض انجام دیتے رہے ۔ تقسیم کے وقت بھڑک اٹھنے والے فسادات کی بنا پر راولپنڈی سے دہلی ہجرت کر گئے ۔محرومؔ کے یہاں شاعری کا جذبہ بہت فطری تھا وہ بہت چھوٹی سی عمر ہی سے شعر کہنے لگے تھے ۔ ۱۹۰۱ میں جب مڈل سکول کے طالب علم تھے تو ملکہ وکٹوریہ کا مرثیہ لکھا ۔ ہائی اسکول کی طالب علمی کے دور میں رسالہ ’زمانہ ‘ اور ’ مخزن ‘ میں ان کی نظمیں شائع ہونے لگی تھیں ۔ تلوک نے تمام اصناف میں طبع آزمائی کی ۔ ان ی نظموں میں قومی جذبات بہت شدت کے ساتھ موجود ہیں ، اس حوالے سے وہ چکبست اور سرور جہاں آبادی کی روایت کے امین تصور کئے جاتے ہیں ۔ محروم نے بچوں کے لئے بھی لکھا ، بچوں کے لئے لکھی گئی ان کی نظمیں بچوں میں قومی جذبات کو ابھارنے اور ان کو زندگی کی مثالی اقدار سے متعارف کرانے کیلئے مؤثر ہیں ۔گنج معانی ، رباعیات ، کاروان وطن ، نیرنگ معانی ، بچوں کی دنیا ، بہار طفلی ، ان کے شعری مجموعے ہیں ۔06؍جنوری 1966ء کو دہلی میں انتقال ہوا۔