اوکاڑہ: پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے۔اوکاڑہ میں مسلم لیگ ن کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ سب نواز شریف نہیں بلکہ قدرت کا نظام ظالموں سے انتقام لے رہا ہے، قدرت نے سوموٹو نوٹس لے لیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا نہیں بلکہ وہ ڈنڈا تھا جو انہوں نے ہاتھ میں پکڑا کر غریب عوام پر چلایا، اسی ڈنڈے سے فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے لہٰذا ایک دہشت گرد جماعت کو سیاسی جماعت کا نشان نہیں مل سکتا۔انہوں نے کہا کہ ظالم کو آج منہ چھپانا پڑ رہا ہے، کبھی پلاستر چھڑوا کر اور کبھی ویل چیئر پر بیٹھ کر ڈرامے کرتا ہے، دوسروں کو چور چور کہنے والے نے گھڑی بھی نہیں چھوڑی اس لیے انتخابی نشان چوری شدہ گھڑی ہونی چاہیے تھی۔مریم نواز نے کہا کہ شور مچایا جا رہا ہے کہ انتخابی نشان واپس لے لیا لیکن حقیقت میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کا فراڈ پکڑا گیا ہے، ایسے لوگوں کو عبرت کا نشان ملتا ہے انتخابی نشان نہیں ملتا۔انہوں نے کہا کہ جتنی مضبوط حکومت نواز شریف کو ملے گی، اتنی بہتر سہولیات عام کو بھی دی جائیں گی، ان شاءاللہ 8 فروری کو اوکاڑہ میں شیر دھاڑے گا۔ن لیگ کی سینیئر نائب صدر نے اوکاڑہ کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا جو کہ شدید سردی اور دھند کے باوجود جلسے میں موجود تھے۔ ن لیگ نے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔