شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتاریاں نامناسب ہیں۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر تک انتظار کریں، دیکھیں کہ آسمان کیسے کیسے سیاسی رنگ بدلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے اندر سے گرفتار ہونے والے سپیکر کے پاس جائیں، میری پارٹی عوامی مسلم لیگ ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کوئی گلہ نہیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں کی گرفتاریاں جاری ہیں، پارلیمنٹ ہاوس سے تمام پی ٹی آئی ارکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ قبل ازیں اسلام آباد کی مقامی عدالت میں عمران خان اور شیخ رشید احمد کے خلاف تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں بریت کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر شیخ رشید، صداقت عباسی اپنے وکلا سردار مصروف اور سردار شہباز کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ وکیل سردار مصروف نے کہا کہ مقدمے میں شریک ملزمان پہلے ہی بری ہو چکے ہیں، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، ملزمان کو بری کیا جائے۔جس کے بعد عدالت نے عمران خان اور شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔