Daily Pakistan

پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثہ جات کی جدت اور بلاک چین تعلیم کے فروغ کیلئے بائننس اور ٹیلی نار پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثہ جات کی جدت اور بلاک چین تعلیم کے فروغ کیلئے بائننس اور ٹیلی نار پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد، پاکستان یکم جون 2026: دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو ایکسچینج بائننس (Binance) اور ٹیلی نار پاکستان (Telenor Pakistan)نے پاکستان میں بلاک چین جدت اور تعلیمی اقدامات کے فروغ کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔

اس مفاہمتی یادداشت کی دستخطی تقریب ٹیلی نار پاکستان کے اسلام آباد ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں ٹیلی نار پاکستان کی جانب سے چیف کنزیومر بزنس آفیسر وقاص امان اللہ اور ڈائریکٹر چینل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ محمد شیراز اظہر جبکہ بائننس کی جانب سے حمزہ اسامہ خان (آپریشنز لیڈ MENAT) شریک ہوئے۔

اس اشتراک کے تحت بائننس اور ٹیلی نار پاکستان پاکستان کے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام (Digital Ecosystem) کی معاونت کے لیے جدت، آگاہی، تعلیم اور سیکھنے کے مختلف مواقع کا جائزہ لیں گے۔ یہ تعاون نئی ٹیکنالوجیز کے بارے میں آگاہی بڑھانے اور علم کے تبادلے کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے جس میں بلاک چین اور ٹیکنالوجی پر مبنی ورکشاپس اور بائننس اکیڈمی کے تعاون سے آن لائن تعلیمی مواقع بھی شامل ہیں۔

اس شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے بائننس کے MENAT لیڈ اور سینئر ایگزیکٹو آفیسر ابو ظہبی،طارق ایرک نے کہا کہ پاکستان ایک نہایت اہم مارکیٹ ہے جہاں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اور بلاک چین ٹیکنالوجی میں دلچسپی مسلسل فروغ پا رہی ہے۔ ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ اس تعاون کے ذریعے ہمارا مقصد ایسے جدید طریقوں کی تلاش ہے جو رسائی کو آسان بنائیں، تعلیم کو فروغ دیں اور صارفین کو ڈیجیٹل اثاثہ جات کے نظام سے بامعنی انداز میں منسلک ہونے کے مواقع فراہم کریں۔

ٹیلی نار پاکستان کے چیف کنزیومر بزنس آفیسر وقاص امان اللہ نے کہا کہ ہم میں جدت اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کے ذریعے ایک زیادہ جامع اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کی حمایت کے لیے پُرعزم ہیں۔ یہ اشتراک آگاہی، تعلیم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے ہمارے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے، جو پاکستان کے ترقی پذیر ڈیجیٹل منظرنامے میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہیں۔

یہ مفاہمتی یادداشت پاکستان میں ابھرتی ہوئی بلاک چین ٹیکنالوجیز سے متعلق آگاہی، مہارتوں کی ترقی اور تعلیمی مواقع کو فروغ دینے کے لیے بائننس اور ٹیلی نار پاکستان کے مشترکہ عزم کی نمائندگی کرتی ہے۔

بائننس پاکستان میں ذمہ دارانہ جدت کے فروغ، مارکیٹ کی شفافیت کو مضبوط بنانے اور صارفین کے تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے ریگولیٹرز اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی عزم کے تحت بائننس نے PVARA کے فریم ورک کے تحت AML رجسٹریشن حاصل کی ہےجو مکمل لائسنسنگ اور مقامی سطح پر ادارہ جاتی شمولیت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس کے علاوہ PVARA نے بائننس کو "نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ” (NOC) بھی جاری کیا ہے، جو پاکستان میں ورچوئل اثاثہ جاتی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے ایک منظم اور ضابطہ کار فریم ورک کے قیام کی وسیع تر کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

بائننس کے بارے میں:
بائننس دنیا کے سب سے بڑے بلاک چین ماحولیاتی نظاموں میں سے ایک ہے اور تجارتی حجم اور رجسٹرڈ صارفین کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو کرنسی ایکسچینج کا آپریٹر ہے۔ بائننس کو 100 سے زائد ممالک میں 260 ملین سے زیادہ صارفین کا اعتماد حاصل ہے جو اس کی اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی، شفافیت، تیز رفتار ٹریڈنگ انجن، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کی وسیع مصنوعات کی بدولت ممکن ہوا ہے۔

ٹیلی نار پاکستان کے بارے میں:
ٹیلی نار پاکستان، PTCL کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ہے جس کا نیٹ ورک پورے پاکستان میں پھیلا ہوا ہے۔ کمپنی نے 2005 میں پاکستان میں اپنی خدمات کا آغاز کیا اور اس وقت ملک بھر میں 42 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔

اعلامیہ (Disclaimer)

اس مفاہمتی یادداشت کے تحت بیان کردہ تعاون صرف ابتدائی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد آگاہی، تعلیم، علم کے تبادلے اور جدت سے متعلق گفتگو تک محدود ہے۔ اس مرحلے پر اس میں کسی قسم کی تجارتی، آپریشنل، مالیاتی، ادائیگی سے متعلق یا صارفین کو براہِ راست فراہم کی جانے والی ورچوئل اثاثہ جاتی خدمات شامل نہیں ہیں۔

مستقبل میں اگر کسی نئی سرگرمی یا منصوبے پر غور کیا جاتا ہے تو وہ متعلقہ قوانین، ریگولیٹری تقاضوں، داخلی منظوریوں اور مجاز حکام کی ضروری اجازتوں سے مشروط ہوگا۔

Exit mobile version