پیرس: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ برس اسی وجہ سے تباہ کن سیلاب کا سامنا بھی کیا۔پیرس میں منعقدہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو گزشتہ برس تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، جس سے بیس لاکھ گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ 33 لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں،انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اپنی آنکھوں سے تباہی دیکھی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے سیلاب کی آفت کا بہت بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کروڑوں ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے عالمی دنیا پر زور دیا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے پالیسی مرتب کی جائے۔دریں اثنا وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں اور شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں جن میں دو طرفہ تعلقات اور پاکستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی ماحولیات کے لئے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی اور سابق وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں قائدین نے ایک دوسرے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے ماحولیات کے مسئلے پر جان کیری اور امریکی حکومت کی ترجیحات کو سراہا اور کہا کہ ماحولیاتی مسائل دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہیں جس کے لئے مشترکہ حکمت عملی اور کوششیں درکار ہیں،ماحولیات کے لئے امریکی تاریخ میں پہلی بار امریکی صدر کا نمائندہ خصوصی مقرر کرنا اس مسئلہ کی اہمیت کا ادراک ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل خاص طور پر ترقی پزیر ممالک کی ترقی اور شرح نمو کو بری طرح متاثر کررہے ہیں، شدید معاشی مشکلات میں 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے مسائل کو مزید مشکل بنادیا، ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی مسائل سے ترقی پزیر ممالک کی شرح نمو پر پڑنے والے منفی اثرات سے نکلنے میں مدد کے لئے خصوصی کردارادا کریں۔شہباز شریف نے کہا کہ کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے بعد وسائل کی فراہمی کے وعدوں کو عملی شکل دینا اہم ہے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس سربراہی کانفرنس ترقی پزیر ممالک کے لئے امید کا پیغام ہے، ترقی پزیر ممالک کو وسائل کی فراہمی کے لئے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاح ضروری ہے۔جان کیری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے سے ترقی پزیر ممالک کے لئے خطرات میں اضافے سے اتفاق کیا دونوں رہنماؤں نے مشترکہ کوششوں کے لئے رابطے برقرار رکھنے اور مشاورت سے آگے بڑھنے پر اتفاق بھی کیا۔
پیرس سمٹ: وزیراعظم کا عالمی برادری سے وسائل کی منصفانہ تقسیم کی پالیسی بنانے پر زور

پیرس سمٹ: وزیراعظم کا عالمی برادری سے وسائل کی منصفانہ تقسیم کی پالیسی بنانے پر زور