Site icon Daily Pakistan

چائے کا عالمی دن!

21 مئی کو چائے کا عالمی دن منایاجاتاہے۔ یہ دن دنیا بھر میں چائے کے کاشتکاروں، مزدوروں، سپلائرز اور اس سے جڑی معیشت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ چائے نہ صرف دنیا کا مقبول ترین مشروب ہے بلکہ کروڑوں افراد کی روزی کا ذریعہ بھی ہے۔ پاکستان میں بھی چائے کی مقبولیت روز بہ روز بڑھ رہی ہے، مگر اس عالمی دن پر ہمیں خود سے ایک سوال ضرور کرنا چاہیے: کیا ہم صرف چائے پینے والے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے صارف کے طور پر ب قائم رہیں گے یا خود اسے اُگا کر خودکفالت کی طرف بھی بڑھیں گے؟ چائے ہردل عزیز مشروب ہے اور بے ضرر بھی ہے اور انتہائی غیر متنازعہ مشروب بھی ہے۔ اسی وجہ عالمی سطح پر پورا ایک دن چائے کے نام پر کر دیا گیا ہے۔ اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ چائے دنیا میں کتنی مقبول ہے۔ چائے وہ مشروب ہے جس سے ہم اپنی صبح کا آغاز کر تے ہیںاور دن کے اختتام تک چائے ہما ری محفلوںاور مجلسوں کو رونق بخشتا ہے گھر، دفتر، مدارس، تجارتی مراکز،شاید ہی ایسی کوئی جگہ ہوجہاں چائے نہ پلائی جاتی ہودانشوروں کے مفکرانہ مذاکرے ہوں،بذرگوں کی سنجیدہ محفلیں ہو ں یادوستوں میں شوخ مجالس چائے ہر تقریب اور مجلس کی جذلا ینفک ہے ۔بر صغیر کے ایک عظیم سیاست دان مولانا ابوالکلام بھی چائے کے شیدائی تھے ان کا کہنا ہے کہ چائے میں تین چیزوں کا ہونا ضروری ہے ”لبریز ہو، لب سوز ہو اور لب دوز ہو” اسی طرح”غبار خاطر میں انہوںنے لکھا کہ چائے کہ معاملے میں میں خوبان چین کا قائل ہوں ہم لوگ تو سیال حلواہ بنا کر کھانے کی جگہ پیتے ہیں اور خوش ہوتے ہیں کہ ہم نے چائے پی لی۔ جنرل ضیاء کے مارشل لادور میں جب سیاسی پارٹیاں پس منظر میں چلی گئی تھیں اس دوران ایک غیر سیاسی جماعت,,چائے چھوڑپارٹی،،کا قیام عمل میں لایا گیاتھا عوام کی طرف اس پارٹی کو اچھی خاصی پزیرائی مل رہی تھی اور اس وقت کا میڈیا بھی اس کو ریج دینے میں بخل سے کام نہیں لے رہا تھا کچھ عرصہ تک اخبارات کے صفہ اوّل کی سرخیاں اس پارٹی کیلئے وقف ہو کر رہ گئی تھیں مگر رفتہ رفتہ یہ پارٹی معدوم ہوگئی کیونکہ اسٹیبلشمنٹ ان اس کی سرپرستی کرنی چھوڑدی تھی یہاں نکتہ دانوں کیلئے سمجھنا مشکل نہیں کہ موجودہ سسٹم میں رھتے ہوئے نام نہاد انقلابی پارٹیوںکے پچھے بھی اسٹیبلشمنٹ ہوتی ہے اس لئے وہ آجاتے ہیں اور چھا جاتے ہیں اور پھر ایک دم غائب بھی ہوجاتے ہیں۔ چائے نوشی میں ہمارے دوست ملک چین کے عوام پیش پیش ہیں وہ نہ صرف خود چائے نوشی کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو ترغیب دے کر چائے پینے پر مجبور بھی کرتے ہیں ۔ چا ئے نہ صرف ایک مشروب ہے بلکہ ہماری روزمرہ زندگی کا ایک اہم حصہ بھی ہے۔ یہ سردیوں کی ٹھنڈی شاموں میں گرمی اور سکون کا باعث بنتی ہے اور دوستوں اور خاندان کے ساتھ محبت بھری بات چیت کے لمحے تخلیق کرتی ہے۔ چائے پینے سے ذہن تازہ ہوتا ہے، جسمانی تھکن دور ہوتی ہے اور توانائی ملتی ہے۔ اس کی خوشبو اور ذائقہ انسانی جذبات کو خوشگوار بنا کر ایک خاص احساس دلاتا ہے۔ چائے ایک ایسا مشروب ہے جو روزمرہ کی مصروفیات میں ایک وقفہ فراہم کرتا ہے، جہاں لوگ نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی آرام بھی حاصل کرتے ہیں۔ کبھی یہ اکیلے پن کا مداوا بنتی ہے اور کبھی گہرے تعلقات کی بنیاد، اسی لیے ہر ثقافت میں چائے کو خاص مقام حاصل ہے۔ادبی لحاظ سے بھی چائے کی اپنی ایک الگ اہمیت ہے۔ شاعروں، ادیبوں اور دانشوروں کی محفلوں میں چائے ہمیشہ گفتگو اور تخلیق کی تحریک رہی ہے۔ چائے کی پیالی کے گرد بیٹھ کر تخلیق کار اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں اور نئی تخلیقات جنم لیتی ہیں، جو ادب کی دنیا کو رنگین اور زندہ بناتی ہیں۔ ادب میں چائے کو اکثر تنہائی، محبت یا زندگی کے فلسفے کی علامت کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ چائے کے گرد محفلیں اور باتیں جاری رہتی ہیں، جو نہ صرف ادب بلکہ انسانی رشتوں اور تخلیقی سوچ کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس لیے چائے کی اہمیت صرف ایک مشروب تک محدود نہیں بلکہ یہ ہماری ثقافت اور احساسات کا آئینہ بھی ہے۔ چائے کی کاشت کا قضیہ پاکستان میں عرصے سے زیرِ بحث ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں چائے کی کاشت کے لیے موزوں خطے — خصوصاً وادی سوات، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، بفہ اور کشمیر کے کچھ حصے — موجود ہیں، جہاں زمین اور آب و ہوا سری لنکا، بھارت اور چین جیسے چائے پیدا کرنے والے ممالک سے مشابہ ہے۔چائے کی کاشت کا پہلا قابلِ ذکر تجربہ بفہ، مانسہرہ کے مقام پر کیا گیا، جہاں رستم خان ایڈووکیٹ نے اس خواب کی بنیاد رکھی۔ اس منصوبے کو چینی حکومت کا تعاون بھی حاصل رہا۔ اس کے بعد شنکیاری (مانسہرہ) میں قائم ہونے والا نیشنل ٹی ریسرچ انسٹیٹیوٹ اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے قائم کیا گیا، جس نے تحقیقی سطح پر اہم کردار ادا کیا۔بدقسمتی سے ریاستی غفلت، پالیسی کی عدم تسلسل اور سرمایہ کاری کے فقدان نے اس شعبے کو زبوں حالی میں مبتلا رکھا۔ اس کے ساتھ ساتھ کچھ بین الاقوامی مفادات اور تجارتی مافیا بھی غیر محسوس انداز میں پاکستان کو چائے کی مقامی پیداوار سے دور رکھنے میں ملوث رہے، تاکہ ہمارا انحصار درآمدی چائے پر قائم رہے اور ہم سالانہ اربوں روپے زرمبادلہ کی صورت میں کھوتے رہیں۔پاکستان ٹی بورڈ کی ماضی کی رپورٹس کے مطابق اگر صرف 2 ہزار ایکڑ پر بھی چائے کاشت شروع کر دی جائے، تو آئندہ چند سالوں میں ملک میں مقامی سطح پر چائے کی طلب کا خاطر خواہ حصہ پورا کیا جا سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف زرِ مبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ مقامی کاشتکاروں کو بھی معاشی فائدہ ہوگا۔ چائے صرف ایک مشروب نہیں، بلکہ تہذیبی پہچان، فکری نشستوں کا رفیق اور ادب و ثقافت کا حصہ بن چکی ہے۔ برصغیر کے ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور صحافیوں کی محفلیں اکثر ایک کپ چائے سے آباد رہیں۔ ریختہ سے فیض تک، منٹو سے انتظار حسین تک — چائے نے تخلیقی گفتگو کو جلا بخشی۔ ہمارے دیہات کی چوپال ہو یا شہر کی لائبریری، کالج کی کینٹین ہو یا دانشوروں کی بیٹھک — چائے کا ایک کپ صرف پیاس نہیں بجھاتا بلکہ مکالمے کا دروازہ کھولتا ہے۔ یوں چائے ہماری سماجی زندگی کا لازمی جزو بن چکی ہے جو ثقافتی شناخت، مہمان نوازی، اور فکری آزادی کی علامت ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اگر ہم چائے سے اتنی محبت رکھتے ہیں تو اسے زمین سے اگانے کا حوصلہ بھی پیدا کریں۔ پینے کے ساتھ ساتھ اُگانا بھی سیکھیں — تاکہ ہماری محبت، ہماری معیشت کا سہارا بن سکے۔

Exit mobile version