بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو جانے والی پرواز کی فنی خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائی پرو ایئرلائن کی پرواز ایف پی 5202 ڈھاکہ سے باکو جا رہی تھی کہ طیارے میں بھارتی فضائی حدود میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بوئنگ 747 طیارہ ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی کے باعث اونچائی حاصل نہیں کر سکا۔طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہوا تو تکنیکی مسئلہ مبینہ طور پر حل نہ ہوسکا جس کے بعد پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کراچی سے رابطہ کرکے لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔اجازت ملنے پر پائلٹ نے کارگو فلائٹ کا رخ تبدیل کیا اور طیارے کو سکھر کے قریب سے کراچی کی طرف موڑ دیا۔پرواز نے سہ پہر ساڑھے تین بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر ہے جس کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔