جموں و کشمیر اسلامک فرنٹ کے سربراہ بلال احمد بیگ نے شہداء جموں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں جلد رنگ لا کر کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہونگے ، کشمیری مجاہدین اپنی عسکری جدوجہد سے بھارت کو کشمیر سے نکلنے پر مجبور کریں گے ، یوم شہداء جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں بلال احمد بیگ نے کہاکہ 6 نومبر 1947ء کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب جموں شہر اور اس کے مسلم ریاستی علاقوں میں بربریت کا ایسا مظاہرہ ہوا جس کی انسانی تاریخ میں بہت کم مثالیں ملتی ہیں۔ صرف تین دنوں کے دوران 3 لاکھ مسلمانوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا ، ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی افواج ، بھارتی فوج ، راشٹریہ سیوک سنگھ اور ہندو مہاسبھا کے ہندو انتہاپسندوں نے 1947ء میں نومبر کے پہلے ہفتے میں جموں کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کا اس وقت قتل عام کیا جب وہ پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔یہ مسلم کمیونٹی کو ختم کرنے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی منظم نسل کشی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے قتل عام کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ابھی رکا نہیں ہے ، انتہاپسند نریندر مودی کی فسطائی حکومت کشمیر کو ہندو راشٹر کا حصہ بنانے اور کشمیریوں پر ہندوتوا نظریہ مسلط کرنے کے لیے 1947ء کی طرح ایک اور قتل عام کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ مودی کی زیرقیادت آر ایس ایس کی ہندوتوا حکومت کشمیر کو قبرستان میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔اس مقصد کے لیے بھارت نے مقبوضہ علاقے میں دس لاکھ سے زیادہ مسلح بھارتی فوجی تعینات کر رکھے ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا قتل عام بھارتی فوج کا معمول بن گیا ہے ، انہوں نے کہاکہ بھارت ایک مذموم منصوبے کے تحت کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ، بھارتی فوجیوں کے علاؤہ ہزاروں کی تعداد میں غیر ریاستی ہندو جنونیوں کو ڈومیسائل دیے گئے ہیں اور انہیں مقبوضہ علاقے میں آباد کیا جا رہا ہے۔ بلال احمد بیگ نے کہاکہ 6 نومبر 1947ء سے آج تک قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں پانچ لاکھ سے زائد فرزندانِ وطن جامِ شہادت نوش کرچکے ہیں۔ 6 ہزار گمنام قبریں دریافت ہوچکی ہیں تاہم بھارت کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی جدوجہد کو جار ی رکھے ہوئے ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری کبھی ہار نہیں مانیں گے اور خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کا یہ دعویٰ کہ کشمیر میں عسکری کارروائیوں میں کمی آئی ہے بالکل غلط ہے انہوں نے کہاکہ کشمیری مجاہدین ایک نئی حکمت عملی کے تحت اپنی عسکری کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ عسکری جدوجہد منزل کے حصول تک جاری رہے گی ، انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ 6 نومبر کو یوم شہداء کے طور پر منائیں تاکہ تحریک آزادی کے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے اور یہ قربانیاں ضائع نہیں ہونگی اور جموں و کشمیر کی عوام ضرور شہداء کے اس خون کے صدقے آزادی کا سورج طلوع ہوتے ہوئے دیکھیں گے ، انہوں نے کہا کہ شہداء کا مشن ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا اور کسی کو بھی شہداء کے خون سے غداری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کشمیری مجاہدین اپنی عسکری جدوجہد سے بھارت کو کشمیر سے نکلنے پر مجبور کریں گے بلال احمد بیگ
