خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر گورنر کے پی کی میزبانی میں اے پی سی آج صبح 10 بجے ہوگی۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کے پی حکومت کی ناکامی پر آل پارٹیز کانفرنس کی ضرورت پڑی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت جنوبی اضلاع سمیت کرم میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکی، کانفرنس میں امن وامان اور صوبے کے وسائل سے متعلق بات ہوگی۔کانفرنس کا اعلامیہ وزیر اعظم سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھیجیں گے، کانفرنس میں سولہ سیاسی جماعتوں نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف نے گورنر خیبرپختونخوا کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا،سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی ایجنڈے کی پشت پناہ ہے۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان اسمبلی سے پابندی کی قرارداد منظوری میں کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا خیبر پختونخوا میں کوئی مینڈیٹ نہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کی نمائندگی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر کسی معاملے پر سنجیدہ رائے کے پی حکومت کو بھجوائیں تو غورکریں گے۔