اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل سے سب سے زیادہ فائدہ سابق ڈی جی آئی آیس آئی فیض حمید نے اٹھایا۔سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب میں پیشی کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نیب کی جانب سے طلب کیا گیا، میں واحد وزیر تھا جس نے مخالفت کی تھی، میں نے کہا تھا کہ یہ نیب کیس بنے گا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ اس کیس میں زلفی بخاری اور شہزاد اکبر کا نام آرہا ہے، لیکن ایک شخصیت کو سب بھول گئے ، جس نے اس اسکینڈل سے سب سے زیادہ فائدہ لیا، وہ ہیں سابق ڈی جی آئی آیس آئی فیض حمید۔انہوں نے کہا کہ فیض حمید نے اس اسکینڈل سے بھرپور فائدہ اٹھایا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی باقیات سینیٹ میں بھی موجود ہیں، چاہے سیاستدان ہوں یا بیوروکریٹ احتساب سب کا ہوگا ، کرپشن کی پہلی سیڑھی میں نے قوم کے سامنے رکھ دی ہے۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی دستاویز دینے کی ضرورت نہیں میں نے بیان ریکارڈ کروا دیا، اربوں روپے کا یک دم فائدہ اچانک نہیں ہوا یہ پلان شدہ تھا، میں نے پہلے کہا تھا فیض حمید عمران خان کو مائنس کر کے انکی جگہ لینا چاہتے ہیں، 9 مئی کو املاک کو نقصان پہنچانے اور فساد کا پلان بہت پہلے سے تیار ہو رہا تھا۔