وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایک شخص نے سازش کرکے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی)کو تباہ کرنے کی کوشش کی، پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں علاج مفت تھا، عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی میں سیاست نہیں کرنی چاہیئے، تعلیم اور علاج غریب آدمی کا بنیادی حق ہے، مخلوط حکومت کا تحفہ پورے ملک کے لیے ہے، یہاں غریب کا علاج بالکل مفت ہوگا۔اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم سب کو اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانا چاہیئے، اسلام آباد میں آج جناح میڈیکل کمپلیکس سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل سینٹر خطے میں شاندار سینٹر ہوگا، مخلوط حکومت کا تحفہ پورے ملک کے لیے ہے، جناح میڈیکل سینٹر کی سہولیات سے دیگرعلاقوں کے لوگ بھی مستفیدہوں گے، یہ منصوبہ صرف اسلام آباد اور راولپنڈی کے لیے نہیں ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جناح میڈیکل سینٹر میں نرسنگ اسکول اور لیبارٹریز بنیں گی، ہم نے اقتدار میں آتے ہی فلاحی کاموں پر توجہ دی، جناح میڈیکل سینٹر میں غریب کا علاج بالکل مفت کیا جائے گا، غریب کا علاج 100 فیصد ہوگا، غریب کا حق ہے کہ صحت اور تعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پر دی جائیں، ہم نے پنجاب کے تمام اسپتالوں میں علاج مفت کیا، لیبارٹریز کی فیس بھی کم کرکے 10 روپے کردی تھی۔