عمر ایوب نے کہا ہے کہ عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ایک بیان میں عمر ایوب نے کہا کہ اسیران رہا ہونے تک کوئی بات چیت نہیں ہو گی، ہم اس فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ہماری تحریک تیزی سے آگے چلے گی ہر جگہ مظاہرہ کریں گے۔واضح رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کیس میں سزا معطلی کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا گیا۔ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں مسترد کر دیں۔تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سزا معطلی کی دونوں اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں، سیکشن 426 قابلِ ضمانت ہے لیکن مجرم ضمانت کا حقدار نہیں۔تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت خاتون مجرم بھی ضمانت کی دعویدار نہیں ہوسکتی۔