Site icon Daily Pakistan

کشمیریوں کواُن کاحق دیاجائے

5فروری کا دِن مظلوم کشمیریوں کیساتھ پاکستان کی بھرپور حمایت اور عظیم کشمیری ماﺅں،بہنوں،ثپوتوں،کی قربانیوں اورشہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے اوربھرپور اظہار یکجہتی کا دِن ہے ۔وطن عزیز پاکستان اِس دن اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی اپنی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا بھرپور اظہار کرتاہے اور اقوام عالم پر باورکرایاجاتاہے کہ وُہ مظلوم کشمیریوں کواُن کا حق خودارادیت دیں اور بھارت کی سفاک افواج اورفسطائیت بھری بھارتی حکومت سے کشمیر جنت نظیرکوپاک کیاجائے۔5فروری کوپاکستان اور آزاد جموں کشمیر (AJK) بھر میں لوگ یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں اوریہ دن ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ دن ہے جو دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے حق میں منایاجاتا ہے اور بھارتی مظالم کیخلاف بھرپور احتجاج کیاجاتا ہے ۔قارئین کرام!یوم یکجہتی کشمیر پہلی بار 1990ءمیںسابق وزیر اعظم پاکستان وصدرمسلم لیگ (ن)میاں محمد نوازشریف کی کال پراپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اقوام عالم پرمسئلہ کشمیر کوبھرپور طریقے سے اُجاگرکرنے کیلئے منایا گیا ۔ 5فروری 1990ءکونہ صرف پاکستان ، آزاد جموں کشمیربلکہ دُنیابھر میں منایاگیا اور کشمیریوں سے بھرپور اظہاریکجہتی کیاگیا۔ اس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے 5 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کیا اور اس کے بعد سے ہر سال یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے۔وطن عزیز پاکستان نے ہمیشہ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کیلئے ہر محاذ پر مدد کی اورہرعالمی پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کونہ صرف اجاگر کیا بلکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے اقوام متحدہ میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔ بھارتی ظلم وستم کا راستہ روکنے اور دُشمن کی سازشوں کی وجہ سے پاکستان کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت سے جنگیں بھی ہوئیں اور بھارت کا بھیانک چہرہ ہمیشہ پاکستان نے دنیا کو دکھایا۔وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف ،سابق وزیر اعظم و صدر مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف سمیت بانی پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو سمیت تمام لیڈران نے ہمیشہ کشمیری بھائیوں کیلئے پاکستان کی جانب سے بھرپورحمایت کی۔5فروری کوجہاں پوری دُنیا میں مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے تقاریب ، ریلیوں کا انعقاد کیاجاتاہے وہیں اقوام متحدہ میں بھی یاداشتیں پیش کی جاتی ہیں کہ دہائیوں سے محصورکشمیریوں کواِن کا حق خودارادیت دیا جائے ۔خصوصاًمقبوضہ کشمیر کے عوام پر تمام ترمظالم کے بعد 5اگست 2019 ءکو توبھارت نے تمام حدوں اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دیں ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے اور اس کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے جوشرمناک عزائم اُٹھائے اُس پر نہ صرف کشمیری عوام ،پاکستان سمیت عالمی برادری نے بھی اسے مکمل طور پرمسترد کردیا ہے۔گزشتہ پانچ سال سے پہلے سے بھی زیادہ کشمیری اپنے ہی گھروں میں قید ہوچکے ہیں اور اپنی ہی سرزمین پر اجنبی اور آزادانہ نقل حرکت سے قاصر ہیں۔ 900,000 سے زائد بھارتی قابض افواج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو حراست میں لے کر مقبوضہ علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جبکہ آج بھی یاسین ملک سمیت کئی کشمیری راہنمابھارتی جیلوں میں قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں،جبکہ سید علی گیلانی جیسے عظیم حریت راہنما بھی بھارتی قید میں زندگی کی بازی ہارچکے ہیں اِسی طرح بھارتی قابض افواج کی جانب سے کئی ماﺅں کے جگرگوشوں کے سینے چھلنی کئے جارہے ہیں ۔کشمیر کے حوالے سے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے فرمایا تھا کہ ”کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے “جبکہ شہیدحریت راہنما سید علی گیلانی کیاخوبصورت الفاظ کہہ گئے کہ ”ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے “۔اِسی طرح وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف کوئی بھی عالمی پلیٹ فارم ہوہمیشہ مظلوم کشمیریوں کامقدمہ بھرپوراندازمیں لڑتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی 79ویںجنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کشمیری عوام جھوٹے بھارتی تشخص کو مسترد کرنے میں پرعزم ہیں جو نئی دہلی ان پر مسلط کرنا چاہتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ظالمانہ جبری پالیسی نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ برہان وانی کی میراث لاکھوں کشمیریوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو مسلسل متاثر کرتی رہے۔ اپنی جدوجہد کی قانونی حیثیت سے متاثر ہو کر، وہ ڈٹے ہوئے ہیں۔ ان کی دل دہلا دینے والی کہانیاں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ ہر ایک اعداد و شمار کے پیچھے ایک انسانی زندگی ہے، ایک خواب جو تاخیر کا شکار ہے اور ایک امید جو بکھر چکی ہے اور پاکستان بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ 5فروری کے اہم دن کے موقع پر اقوام عالم کوچاہیے کہ دہائیوں سے ظلم وجبرکاشکار کشمیری بھائیوں کو اُن کا حق خودارادیت دیاجائے اور بھارت جودہائیوں سے کشمیریوں کوخون میں نہلا رہا ہے کے جبرسے آزادی دلوائی جائے ۔

Exit mobile version