پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے آذربائیجان میں رئیل اسٹیٹ اور تجارت کے سنہری مواقع، دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اب ٹھوس معاشی شراکت داری میں بدلیں گے: مقررین
اسلام آباد – پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی جلا بخشنے اور سرحد پار سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وفاقی دارالحکومت میں ‘آذربائیجان–پاکستان سرمایہ کاری کانفرنس’ کا پُروقار انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام، سفارتکاروں، نامور تاجروں اور سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت۔
پاکستان–آذربائیجان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کوآرڈینیشن کے زیرِ اہتمام اور PASHA رئیل اسٹیٹ کی میزبانی میں منعقدہ اس فورم میں آذربائیجان کی ابھرتی ہوئی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ، یوریشیائی خطے میں اس کی تزویراتی (Strategic) اہمیت اور پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش منافع، رہائشی سہولیات اور آسان امیگریشن کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سفیرِ آذربائیجان خزر فرحادوف کا کلیدی خطاب:
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آذربائیجان کے سفیر جناب خزر فرحادوف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات محض رسمی نہیں بلکہ عقیدے، لازوال دوستی اور ترقی کی مشترکہ خواہش پر استوار ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا: "آذربائیجان کی معیشت خطے میں تیز ترین ترقی کر رہی ہے۔ ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کو اس معاشی سفر میں شریک ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔ آذربائیجان میں سرمایہ کاری دراصل ایک مستحکم اور شفاف مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔”
بابک حسین لی (کوآرڈینیٹر پاکستان–آذربائیجان انویسٹمنٹ) کا اظہارِ خیال:
پاکستان–آذربائیجان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے کوآرڈینیٹر جناب بابک حسین لی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ان تعلقات کو عوامی سطح پر معاشی فوائد میں بدلا جائے۔ آذربائیجان پاکستانیوں کے لیے ایک محفوظ اور منافع بخش مملکت ہے۔
پاشا ہولڈنگز کی بریفنگ:
PASHA ہولڈنگز کی بزنس ڈیولپمنٹ ڈائریکٹر محترمہ ساکینہ علیئیوا نے آذربائیجان میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے طریقہ کار سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے اور حکومتیں مل کر اس اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دیں گی۔
سرمایہ کاری کے مواقع اور آنے والے اقدامات کی مزید معلومات کے لیے PASHA ہولڈنگز کے سرکاری ذرائع سے رابطہ کریں۔
