Site icon Daily Pakistan

آرمی چیف کا دورہ کوئٹہ، دہشتگردی کے خاتمے کا عزم

idaria

بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہونے والے دہشت گرد ی گھناونے واقعے کے فوری بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کیا ، جہاںانہیں مستونگ اور ژوب میں حالیہ دہشت گرد حملوں پربریفنگ دی گئی جبکہ نگران وفاقی وزیر داخلہ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان، اہم صوبائی وزراءسمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔ شرکا نے مستونگ، ہنگو اورژوب کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔آرمی چیف نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 12 ربیع الاول کو دہشت گردی کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم ظاہرکرتے ہیں، دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کار وں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، یہ دہشت گرد اوران کے سہولت کارپاکستان اوراس کے عوام کے دشمن ہیں، بدی کی طاقتیں ریاست اور سکیورٹی فورسز کی بھرپورطاقت کاسامناکرتی رہیں گی، ریاست اور سکیورٹی فورسز کو مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے۔مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑپھینکیں گے، پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کیلئے مکمل پر±عزم ہیں، اس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا اور مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔جنرل عاصم منیر نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔ بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ ہے ،لیکن بدقسمتی سب سے زیادہ دہشت گردی کا نشانہ بھی یہ صوبہ بنا ہوا ہے۔ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکٹر اور وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا تعلق بھی صوبہ بلوچستان سے ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب نگران وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک میں آئندہ سال جنوری میں ہونے والے انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔یقینا ایسے واقعات کے پیچھے دشمن کی گہری بلاننگ اور دورس منفی منفی منصوبہ بندی چھپی ہوتی ہے۔دشمن طاقتیں اپنے آلہ کاروں کے ذریعے کے استحکام کے پیچھے متحرک ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کی مذموم کاررائیوں میں تیزی آگئی ہے۔مستونگ میں ہونے والا خودکش دھماکہ جس میں جاں بحق افرادکی تعداد ساٹھ ہوگئی ہے کے علاوہ بھی اسی روز مزیدواقعات بھی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب کارروائی کی اور کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی،آئی ایس پی آر کے مطابق سمبازہ کے قریب ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغانستان سے پاکستان میں آ رہے تھے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3دہشت گرد ہلاک اور چند زخمی ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران 4 جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا ۔ مردان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا سرغنہ ہلاک جبکہ پارا چنار میں کارروائی کے دوران لانس نائیک وطن پر قربان ہو گیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر مردان کے جنرل ایریا کاٹلنگ میں آپریشن کیا، آپریشن میں دہشت گردوں کا سرغنہ فیصل مارا گیا،آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد کئی کارروائیوں میں مطلوب تھا ، دہشت گرد سے اسلحہ و بارود برآمد ہوا،دوسری جانب پارا چنار میں بھی دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز سے مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک غیرت خان شہید ہو گیا۔ صوبائی حکومت نے مستونگ حادثے پر تین روز ہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔اس خودکش حملے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔تاہم بعض شواہد ٹی ٹی پی اور دعش کی طرف نشاندہی کرتے ہیں۔ اس شورش زدہ ضلع میں ہونے والے اکثر دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری ماضی میں شدت پسند تنظیم داعش قبول کرتی رہی ہے۔نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے اس دھماکے کوانتہائی گھناو¿نا فعل قرار دیا ہے۔
تیل کی قیمتوں میں کمی،لیکن ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ
مہنگائی کے ہاتھوں خوار ہوتی عوام کے لئے ایک تھوڑی سی ریلیف کی خبر سامنے آئی ہے کہ حکومت نے تیل کی قیمتوں کمی کا علان کیا ہے،جس کااثر آسمانوں کو چھوتی مہنگائی کم ہونے پر تو نہیں پڑے گا تاہم رکشہ ٹیکسی اور موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں پر کسی حد تک پڑے گا۔وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کی گئی ہے،جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 323 روپے38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 318 روپے18 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ایک طرف تو یہ ریلیف ملا ہے لیکن دوسری جانب فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 260 روپے 98 پیسے ہو گئی۔سردیوں کی آمد سے قبل ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 246 روپے 15 پیسے مہنگا کر دیا گیا۔ اوگرا نے نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) 20 روپے 86 پیسے مہنگی کی گئی ہے۔ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3079 روپے 64 پیسے مقررکی گئی ہے۔ حکومت نے عوام کے ساتھ چالاکی کی انتہا کرد ی ہے ۔ایک طرف ریلیف دے کر دوسری طرف تکلیف کی راہ بھی کھول دی ہے۔اس وقت گھروں استعمال ہونے والی عام گیس صرف تین وقت دستیاب ہے،پورا موسم گرما بھی گیس کی عدم دستیابی سے عام آدمی کو کھانا پکانے کے لالے پڑے رہتے ہیں۔چند ہفتوں بعد موسم سرما کا آغاز ہونے جا رہا ہے،تب کیا عالم ہو گا،اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔
ڈینگی اور آشوب چشم وائرس کے حملے
پنجاب بھر میں ڈینگی اور آشوب چشم کے وائرس کے خطرناک حملوں میں تسلسل کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ صرف راولپنڈی میںگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 45 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح رواں سیزن میں ڈینگی وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1224 تک پہنچ گئی ہے۔ ڈینگی سے متاثرہ خواتین کی شرح 28فیصد جبکہ مردوں کی شرح 72فیصد ہے ۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال میں 72، ڈی ایچ کیو میں 34 اور بے نظیر بھٹو ہسپتال میں 24 افراد زیر علاج ہیں جن میںسے 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے، ادھر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسداد ڈینگی کاروائیوں کے تحت ڈینگی ایس او پی کی خلاف ورزی پرگزشتہ24گھنٹے میں 26 مقدمات درج کروا کے 2 عمارتوں کو سیل کیا گیا اور2افراد کو چالان ٹکٹ جاری کر کے 3 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں پنجاب میں آشوپ چشم کی وبا میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، صوبے میں آنکھ کی بیماری سے متاثر افراد کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔ آشوب چشم کے انفیکشن کے بعد اکثر شہروں میں آنکھوں کے ڈراپس اور عرق گلاب بھی نایاب ہو گئے ہیں۔

Exit mobile version