Site icon Daily Pakistan

اسلام آباد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ!

یوں توپاکستان کاچپہ چپہ اپنی خوبصورتی اور اپنی خاصیت کے حوالے سے اہم مقام رکھتا ہے لیکن وطن عزیز کا شہر اقتدار پہاڑوں کے دامن میں بسا پیارا اسلام آباد دُنیامیں اپنی خوبصورتی کے حوالے سے سب سے نمایاں ہیں ۔اسلام آباد کی خوبصورتی کے حوالے سے یوں توبہت کام ہوئے ۔لیکن موجودہ دورحکومت میں وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف کی ہدایات پر مزید اقدامات جاری ہیں خصوصاًایس سی او کانفرنس کے موقع پر سی ڈی اے کی طرف سے شہر کی شاندار خوبصورتی اور شہراقتدار کیلئے اقدامات کی تعریف آنیوالے معززمہمانوں کی زباں پر بھی تھی اور بین الاقوامی میڈیا نے ایس سی او کے موقع پر پوری دُنیا میں اسلام آباد کی خوبصورتی دکھائی ۔گزشتہ روزہی اسلام آباد میں وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے جناح ایونیو نائنتھ ایونیو انٹرسیکشن اور سرینا چوک کنونشن سنٹر انٹرسیکشن کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعظم کو اس منصوبے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے مفصل بریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ ایف نائن اور سرینہ چوک پر دو منصوبوں کا سنگ بنیاد اسلام آباد اور گردونواح کی خوشحالی و ترقی کے منصوبوں کا آغاز ہے، ایف نائن فلائی اوور کا منصوبہ 6 ماہ میں مکمل ہونا تھا اب تین ماہ میں مکمل کیا جائےگا، اسی طرح سرینہ چوک کا منصوبہ 2 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو تیزی سے منصوبوں کی تکمیل پر سراہتا ہوں، انہوں نے پنجاب والا اپنا ریکارڈ برقرار رکھا ہوا ہے۔ وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایس سی او کانفرنس پرامن انداز میں بخوبی سرانجام پائی، اس کانفرنس کیلئے وزیر داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے کی ٹیم نے اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے دن رات کام کیا، وہ دیدنی تھا، وزیر اطلاعات نے کانفرنس سنٹر کی تزئین و آرائش کیلئے سی ڈی اے سے مل کر بھرپور کام کیا، وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم اور وزیر اطلاعات و نشریات اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے دن رات محنت کرکے ایس سی او کانفرنس کو ہر طرح سے کامیاب بنایا، نائب وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے بھی اس کانفرنس کی کامیابی میں بھرپور کام کیا، ان کو مبارکباد دیتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آرمی چیف سید عاصم منیر کی ہدایات پر راولپنڈی 10کور اور ایس ایس جی کور نے سکیورٹی فراہمی میں بھرپور معاونت کی، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے، کئی دہائیوں بعد پاکستان کو مہمان نوازی کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے وزیراعظم، روس کے صدر سمیت اہم ممالک کے سربراہان پاکستان آئے، انہوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی کو سراہا، ہمیں اپنے شہر کی اس خوبصورتی کو نہ صرف برقرار رکھنا ہے بلکہ اس میں اضافہ کرنا ہے تاکہ سال بھر جو ملک اور بیرون ملک سے مہمان آئیں وہ اس کی خوبصورتی کو دیکھ کر عش عش کر اٹھیں، اسلام آباد قدرتی حسن سے مالا مال ہے، اس میں مزید نکھار آئے گا اور یہ سیاحوں کا مرکز بن جائے گا، یہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا مثالی شہر بنے گا۔ اسلام آباد میں یوں تو انتظامی معاملات سے لیکر خوبصورتی کے حوالے سے سی ڈی اے کی کاوشیں قابل تحسین ہیں لیکن وزیر اعظم کی ہدایات پر موجودہ چیئرمین سی ڈی اے اسلام آباد کے حوالے سے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔بات کی جائے اگر مسلم لیگ (ن) کی توجڑواں شہروں میں میٹرو بس کا تحفہ بھی مسلم لیگ ن کے دور میں ہی شروع کیا گیا آج جڑواں شہروں کے عوام نہ صرف اس سہولت سے مستفید ہورہے ہیں بلکہ روزانہ کی بنیاد پر وطن عزیز کے دیگر حصوں سے آئے مہمان سیاح بھی اس سروس میں بیٹھ کر جڑواں شہروں اور خصوصاً اسلام آباد کی خوبصورتی کے نظارے دیکھتے ہیں۔ قارئین کرام!یہ ملک ہے توہم ہیں۔ہمارے پرکھوں نے لازوال قربانیاں دے کر اور اپنے خون سے اس سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا آج بھی ماﺅں کے لخت جگر پاکستان کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں ،وطن عزیز کی چٹان صفت مسلح افواج کے شیر دِل جوان سرحدوں کی حفاظت کیساتھ ساتھ دہشتگردی کی عفریت سے بھی نبردآزما ہیں اِسی طرح پولیس،رینجرز سمیت تمام سیکیورٹی اداروں کی قربانیاںاور کاوشیں بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہم بحثیت قوم اجتماعی طور پر وطن عزیز کی خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں اور حکومت وقت اور اپنے اداروں کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے لیے کام کریں ۔

Exit mobile version