Site icon Daily Pakistan

بھارت کی شر انگیزیوں کا پردہ فاش

بھارت پاکستان میں امن کی آشا کو پھلتے پھولتے نہیں دیکھ سکتا اور پاکستان میں بد امنی پھیلانے کےلئے سر توڑ کوششوں میں مصروف عمل رہتا ہے۔ ہر دفعہ منہ کی کھانے اور دنیا میں اپنی جگ ہنسائی کروانے کے باوجود بھارت اپنی شر انگیزیوں سے باز نہیں آتا۔ حال ہی میں برطانوی جریدہ دی گارڈین کی ایک رپورٹ نے بھارت کا چہرہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے ۔اس رپورٹ میں کہا گیاہے کہ2020 سے اب تک پاکستان میں کم از کم 20 افراد کو بھارتی انٹیلیجنس اہلکاروں کے کہنے پر قتل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق بھارت نے اسرائیل کی موساد اور روس کی ‘کے جی بی’ جیسی خفیہ ایجنسیوں سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے 2019 میں پلوامہ حملے کے بعد قومی سلامتی کے نام پر غیر ملکی سرزمین پر ماورائے عدالت قتل کرنا شروع کیا۔ اس مقصد کے لیے بھارت نے اپنے ایجنٹ کو 4 ہزار پاو¿نڈ کی رقم ادا کی۔ واضح رہے25 جنوری 2024کو پاکستان نے اپنی سرزمین پر بھارت کے ماورائے عدالت اور اپنی سرحدوں سے باہر اہم افراد افراد کے قتل کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد فراہم کیے تھے۔ دوسری طرف بھارتی حکومت رپورٹ میں کیے گئے انکشافات کا بے شرمی سے دفاع کر رہی ہے۔ بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ایک انٹرویو کے دوران جب اس رپورٹ میں کیے گئے انکشافات کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر کوئی دہشت گرد بھارت میں کروائی کے بعد بھاگ کر پاکستان جائے گا تو اس کو پاکستان میں گھس کر مارا جائے گا۔ بھارتی انتہا پسند وزیراعظم نریندر مودی نے ایک جلسے کے دوران کہا کہ کانگریس کے دور میں دہشت گرد کاروائیاں کر کے اپنے ملک بھاگ جاتے تھے لیکن اج کا بھارت انہیں ان کے ملک میں گھس کر مارے گا،یہ بیانات بھارت کی طرف سے اس کے گھناونے کھیل کا ایک واضح اعتراف ہیں. واضح رہے کہ بھارت میں دو ہفتے بعد لوک سبھا کے انتخابات متوقع ہیں اور اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان مخالف بیانیہ نریندر مودی کے لیے ہمیشہ سے ایک انتخابی ہتھیار رہا ہے. دی گارڈین رپورٹ کو بھی مودی سرکار بڑی ڈھٹائی سے اپنے حق میں انتخابی ایندھن کے طور پر استعمال کر رہی ہے. خطے میں بھارت کی چودراھٹ دکھانے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی نے را کو خفیہ ایجنسی کی بجائے ایک ہٹ سکواڈ بنا دیا ہے جو دوسرے ممالک میں کھلے عام بد امنی اور قتل و غارت کروا رہا ہے۔۔بھارت پاکستان کے علاوہ باقی ممالک میں بھی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ مثال کے طور پر را نے کچھ عرصہ پہلے کینیڈا میں خالستان تحریک کے اہم رہنما کو قتل کروایا اس کے علاوہ امریکہ میں مقیم ایک اور سکھ رہنما کے قتل کی بھارتی منصوبہ بندی بھی بے نقاب ہوئی تھی،کینیڈا اور امریکہ نے بھارت کے خوب لتے لیے تھے جس کی وجہ سے بھارت کو ان ممالک میں اپنے دفاتر بند کرنے پڑے ۔ امریکہ نے بھارت کو واضح پیغام دیا تھا کہ بےشک بھارت امریکہ کا بہت اچھا دوست ہے لیکن وہ اپنی سرزمین پر بھارت کو اس طرح کی کاروائیوں کی اجازت نہیں دے سکتا۔اس کے علاوہ 2017 میں یورپی یونین کے ایک ادارے نے شواہد کی بنیاد پر انکشاف کیا کہ بھارت داعش کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے جو کہ مختلف ممالک میں دہشت گردی کا سبب بنتا ہے،یہ اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ بھارت کی شر انگیزیوں کی کوئی حد نہیں اور اپنی سیاہ کاریاں بے نقاب ہونے کے باوجود بھارت اپنی روش پر قائم ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی ادارے بھارت کے اصل چہرے کو پہچانتے ہوئے اس کےخلاف اپنا اہم کردار ادا کریں۔اب وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دینے کےلئے فوری اقدامات کرے اور بغیر کسی تاخیر کے اس ملک پر سخت سفارتی اور اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔

Exit mobile version